نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے اتوار کو پاکستان میں وائلڈ پولیو وائرس کے مزید 3 نئے کیسز کی تصدیق کی، جس کے بعد 2025 میں پولیو سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 17 ہو گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق خیبر پختونخوا سے 2 جبکہ سندھ سے ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا کے نئے کیسز شمالی وزیرستان اور لکی مروت اضلاع میں سامنے آئے ہیں، جنہیں پولیو کے ہاٹ اسپاٹس تصور کیا جاتا ہے۔
سندھ میں عمرکوٹ ضلع کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم کیسز کا مسلسل سامنے آنا صحتِ عامہ کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔
این ای او سی نے بیان میں کہا کہ اس سال اب تک تصدیق شدہ 17 کیسز کی اکثریت خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئی ہے، جو پولیو کی منتقلی کا مرکز بنا ہوا ہے۔
صحت کے حکام نے ایک بار پھر والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر قومی انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔






















Comments
Comments are closed.