سازگار انجینئرنگ ورکس (ایس اے زیڈ ای ڈبلیو)، جو کہ گاڑیاں، آٹو پارٹس اور گھریلو برقی آلات تیار و فروخت کرنے والی کمپنی ہے، نے جمعہ کو اعلان کیا کہ بجٹ 26-2025 میں نئے ٹیکس کے نفاذ کے باوجود وہ صارفین کے لیے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گی۔
کمپنی نے پاکستان میں ہیول ڈیلرز کو ایک خط ارسال کیا جس میں کہا گیا کہ کمپنی نئی عائد کردہ لیوی کا بوجھ خود برداشت کرے گی تاکہ گاڑیوں کی حتمی قیمت میں کوئی تبدیلی نہ ہو۔
خط میں کہا گیا کہ وفاقی بجٹ 2025 کے حالیہ اعلان کے بعد نیو انرجی وہیکلز ایڈاپشن لیوی ایکٹ 2025 کے تحت حکومت نے ہمارے تمام وہیکلز پر نئی لیوی عائد کی ہے۔ ایک ذمہ دار اور صارف دوست ادارے کے طور پر، سازگار ہمیشہ سے اپنے صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے فعال اقدامات کرتا آیا ہے۔
اپنے اسی عزم کے تحت، ہم آپ (ڈیلرز) کو مطلع کرتے ہیں کہ کمپنی نے اس اضافی لیوی کا بوجھ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہماری گاڑیوں کی مجموعی قیمت بشمول تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز برقرار رہے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے دیگر کچھ کار ساز اداروں نے نئی لیوی کے اثرات کو صارفین تک منتقل کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جن میں لکی موٹرز (کیا)، پاک سوزوکی موٹر اور موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی اٹلس ہونڈا شامل ہیں۔
مالی سال 25-2024 کے ابتدائی 11 ماہ میں پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں 39 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور یہ تعداد 1,26,226 یونٹس تک جا پہنچی، جو کہ گزشتہ مالی سال (مالی سال24) کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔
Comments