وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کے روز آذربائیجان روانہ ہو گئے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 17ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ اجلاس آج جمہوریہ آذربائیجان کے شہر خانکندی میں شروع ہو رہا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم خطے اور دنیا کو درپیش اہم چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، ای سی او وژن 2025 سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کریں گے، اور خطے کے اندر تجارتی فروغ، ٹرانسپورٹ رابطوں، توانائی کے شعبے میں تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کریں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیراعظم اجلاس کی سائیڈ لائنز پر دیگر ای سی او رکن ممالک کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Comments

200 حروف