پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب ہر مرتبہ وطن واپسی پر 120 دن کی ٹیکس سے مستثنیٰ موبائل رجسٹریشن کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ یہ اقدام فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔
یہ سہولت پی ٹی اے کے خودکار اور مفت عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جو ڈی آئی آر بی ایس پورٹل سے قابلِ رسائی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کووطن واپسی پر قلیل مدتی قیام کے دوران بلاتعطل موبائل کنیکٹیویٹی فراہم کرنا ہے۔
ایک بیان میں پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ڈیجیٹل شمولیت بڑھانے اور وطن واپس آنے والوں کے لیے سہولت فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ سہولت ان افراد کو اجازت دیتی ہے کہ وہ اپنے ایک موبائل فون کو بغیر کسی ایف بی آر ٹیکس کی ادائیگی کے رجسٹر کروا سکیں، اور یہ رجسٹریشن ملک میں آمد کی تاریخ سے 120 دن تک موثر رہے گی۔
عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم کا مقصد سفری افراد کے لیے موبائل استعمال کو آسان بنانا، ڈیوائس اسمگلنگ میں کمی لانا اور پاکستان بھر میں ایک تصدیق شدہ ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنانا ہے۔






















Comments
Comments are closed.