سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے اپنی متعدد قومی بچت اسکیموں (این ایس ایس) پر منافع کی شرح میں کمی کردی جو 27 جون 2025 سے مؤثر ہوچکی ہے۔
بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق سیونگ اکاؤنٹ (ایس اے) کی شرح منافع 9.50 فیصد پر برقرار رہی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس (ڈی ایس سی) کی منافع کی شرح 15 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد 11.91 فیصد سے کم ہو کر اب 11.76 فیصد ہوگئی۔
بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس (بی ایس سی) پر منافع کی شرح میں 24 بیسس پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جو 13.44 فیصد سے کم ہو کر اب 13.20 فیصد ہوگئی ہے۔
اسی طرح پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ (پی بی اے) اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ (ایس ایف ڈبلیو اے) کے شرح منافع میں بھی 24 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی جس کے بعد دونوں کی نئی شرح 13.20 فیصد ہوگئی۔
اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹس (آر آئی سی) کے منافع کی شرح 36 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد 11.52 فیصد سے کم ہو کر اب 11.16 فیصد ہوگئی ۔
اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) پر منافع کی شرح میں 30 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد اب یہ 10.6 فیصد منافع دے گا۔
اسی دوران سِروہ اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) اور سِروہ اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) کی شرح منافع میں بھی 59 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد دونوں کی نئی شرح 9.75 فیصد ہوگئی ہے۔
Comments