آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے تزویراتی اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ادارہ جاتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سول سروسز اکیڈمی کے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کے زیرِ تربیت افسران سے آرمی آڈیٹوریم میں ملاقات کی۔
یہ ملاقات چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) کے ساتھ ایک وسیع تر قومی اقدام کا حصہ تھی جس کا مقصد پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کے درمیان ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اور باہمی تفہیم کو گہرا کرنا تھا۔
فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی کی ضروریات، داخلی و خارجی چیلنجز اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کلیدی کردار سمیت مختلف اہم امور پر گفتگو کی۔
انہوں نے ریاستی نظامِ حکومت میں ایک باصلاحیت، شفاف اور خدمت کے جذبے سے سرشار سول بیوروکریسی کے ناگزیر کردار کو بھی اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو شعار بنائیں۔
سی ٹی پی کے شرکاء نے اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات اور براہِ راست پاک فوج کی قیادت کے اسٹریٹیجک وژن، عملی تیاری اور قومی استحکام و ترقی میں اس کے کثیر الجہتی کردار کے بارے میں جاننے کے موقع کو گہری قدر کی نگاہ سے سراہا۔






















Comments
Comments are closed.