سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر ایک کارروائی کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ گروپ سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ سات زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشتگرد فتنہ الخوارج نامی گروہ سے تعلق رکھتے تھے، جسے بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ تاہم اس کارروائی میں دو جوان وطن پر قربان ہوگئے۔ چکوال کے رہائشی 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ اور بنوں سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ لانس نائیک جبران اللہ نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر معیز شہید اپنی جرأت اور خوارج کے خلاف متعدد کامیاب کارروائیوں کے لیے جانے جاتے تھے، اور ان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم پاکستان کی سرزمین سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments