نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈے ایم اے) نے منگل کے روز ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں 25 جون سے یکم جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
این ڈے ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مظفرآباد، کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، پشاور، سوات، گلگت، اسکردو اور ہنزہ سمیت کئی بڑے شہروں اور علاقوں میں خراب موسمی صورتحال کا خدشہ ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ متوقع خراب موسم نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مخدوش عمارتوں کو ممکنہ نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں۔
مزید برآں، ایڈوائزری میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے این ڈے ایم اے کی الرٹ ایپ کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت آگاہی حاصل کی جا سکے۔
Comments