وفاقی وزیر برائے توانائی، سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایت کی ہے کہ ماہِ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی سہولت کے لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔
وزیر توانائی نے تمام ڈسکوز کے چیئرمینوں اور چیف ایگزیکٹو افسران کو ارسال کردہ خط میں کہا ہے کہ ماہِ محرم الحرام قریب ہے، جس دوران پاکستان بھر میں لاکھوں عزادار امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی یاد میں مجالس و جلوسوں میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ جولائی کے شدید گرم موسم میں آ رہا ہے اور ہیٹ ویو کا امکان بھی موجود ہے، اس لیے لازمی ہے کہ تمام ضروری اقدامات بروقت کیے جائیں تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور عوام کو کسی قسم کی زحمت نہ ہو۔
اس ضمن میں ڈسکوز کو درج ذیل فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں:
(i) پیشگی مرمت اور لوڈ مینجمنٹ: مجالس و جلوسوں کے متوقع علاقوں میں ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کا مکمل معائنہ کیا جائے اور خراب آلات کو فوری مرمت یا تبدیل کیا جائے۔ (ii) ہنگامی ٹیموں کی تعیناتی: خاص طور پر 9 اور 10 محرم کو بجلی کی فراہمی میں کسی رکاوٹ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی ٹیمیں ہائی الرٹ پر تعینات کی جائیں۔ (iii) ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور منتظمین سے رابطہ کرکے ان مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں ترجیحی بجلی فراہمی اور بیک اپ انتظامات ضروری ہیں۔ (iv) عوام سے پیشگی رابطہ: امام بارگاہوں اور مساجد سمیت صارفین کو شیڈول مرمت یا ممکنہ لوڈ مینجمنٹ سے بروقت آگاہ کیا جائے۔ (v) اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس کی دستیابی: حساس مقامات پر بجلی کی فراہمی میں خلل کی صورت میں بیک اپ کے لیے جنریٹرز اور یو پی ایس فراہم کیے جائیں۔ (vi) اضافی ٹرانسفارمرز اور مواد کی فراہمی: ہر سب ڈویژن میں اضافی ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری سازوسامان موجود ہو، اور اس کا ریکارڈ بروقت اپڈیٹ کیا جائے۔ (vii) 24/7 اسٹاف کی ڈیوٹی شیڈولنگ: محرم کے دوران تکنیکی و آپریشنل اسٹاف ہمہ وقت دستیاب رہے تاکہ فوری ردعمل دیا جا سکے۔
(viii) کنٹرول سنٹرز کا قیام: تمام سطح پر کنٹرول سنٹرز قائم کیے جائیں اور ان کے رابطہ نمبرز کی تشہیر کی جائے تاکہ محرم کے دوران موثر کارروائی ممکن ہو۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ محرم الحرام کی حرمت ہم سے بھرپور فرض شناسی اور عوامی خدمت کا تقاضا کرتی ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
اس سے قبل تحریکِ جعفریہ کے رہنما ساجد نقوی نے وزیر توانائی کو خط لکھ کر محرم الحرام کے دوران مجالس کے لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025






















Comments
Comments are closed.