پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی دوسری خصوصی پرواز کے ذریعے ایران میں پھنسے 121 پاکستانی شہری بحفاظت وطن واپس پہنچا دیے گئے ہیں۔ یہ بات قومی ایئرلائن نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں بتائی ہے۔

پرواز پی کے-7160 نے باکو، آذربائیجان سے لاہور پہنچ کر یہ انخلا آپریشن مکمل کیا، جو ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث شروع کیا گیا تھا۔ پرواز سہ پہر 3:40 پر لاہور پہنچی۔

براہِ راست فضائی سفر معطل ہونے کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں نے ایران سے باکو تک زمینی سفر کیا، جہاں سے ان کی پاکستان واپسی کے لیے انتظامات کیے گئے۔

اس عمل میں تہران اور باکو میں قائم پاکستانی سفارت خانوں نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے سرحد پار نقل و حرکت اور واپسی کے لیے درکار رابطہ کاری میں بھرپور معاونت فراہم کی ہے۔

یہ خصوصی پرواز حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر چلائی گئی۔

پی آئی اے نے اپنے بیان میں کہا کہ مشکل حالات کے باوجود قومی خدمت کے عزم کے تحت شہریوں کی بحفاظت واپسی کو ترجیح دینا اُس کی دیرینہ روایت ہے، جو ہمیشہ قومی مفاد میں خدمات انجام دیتی آئی ہے۔

Comments

200 حروف