پی آئی اے اور ایئر کراچی کے درمیان طیاروں کی دیکھ بھال کا معاہدہ طے پاگیا
- معاہدے کے تحت پی آئی اے کی جانب سے انجینئرنگ سروسز یا ایم آر او خدمات فراہم کی جائیں گی
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور ایئر کراچی — جو کہ کراچی کی کاروباری برادری کی جانب سے قائم کی گئی ایک ایئرلائن ہے — کے درمیان طیاروں کی دیکھ بھال سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
معاہدے کے تحت، ایئر کراچی کو پی آئی اے کی جانب سے انجینئرنگ سروسز یا ایم آر او (مینٹیننس، ریپئر اور اوور ہال) خدمات فراہم کی جائیں گی۔
معاہدے پر پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات، ایئر کراچی کے چیئرمین حنیف گوہر اور سی ای او ایئر مارشل (ر) عمران مجید نے دستخط کیا۔
یاد رہے کہ نومبر 2024 میں کراچی کی کاروباری برادری نے نئی ایئرلائن ایئر کراچی کے آغاز کا اعلان کیا تھا جس کے لیے ابتدائی طور پر 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ یہ اعلان حنیف گوہر نے کراچی پریس کلب کے دورے کے دوران کیا جہاں ان کے ہمراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین ایس ایم تنویر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ایئر کراچی نے تاحال اپنی پروازوں کا باقاعدہ آغاز نہیں کیا ہے۔
Comments