وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز صدر آصف علی زرداری کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیلیفون کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جس پر صدر آصف علی زرداری نے شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتِ حال اور مختلف قومی امور پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔

قبل ازیں صدر اور وزیرِاعظم نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کی روح کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی اور ایثار سے سبق سیکھنے اور اُسے اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانے پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے معاشرے کے نادار اور محروم طبقے کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جانور کی قربانی کے ساتھ ساتھ عید ہمیں اس عہد کی بھی یاد دہانی کراتی ہے کہ ہم ہمیشہ ضرورت مندوں کا خیال رکھیں۔

دریں اثناء وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کا پیغام صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں، بلکہ یہ ہمیں اپنی انا، خواہشات اور ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ عید ہمیں نہ صرف جان و مال کی قربانی کی اہمیت سکھاتی ہے بلکہ یہ بھی بتاتی ہے کہ قومیں تبھی عظمت حاصل کرتی ہیں جب وہ انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ اجتماعی فلاح اور ایثار کے جذبے کو بھی اپنا شعار بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بالخصوص اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جو بے رحمانہ اور غیر انسانی ظلم و ستم اور بھوک کا سامنا کر رہے ہیں۔

Comments

200 حروف