پاکستان

وزیرِاعظم شہباز شریف کا مسلم رہنماؤں کے ساتھ عید کی مبارکباد کا تبادلہ

  • وزیرِاعظم نے برادر ممالک کا پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران حمایت اور متوازن موقف اختیار کرنے پر شکریہ ادا کیا
شائع June 7, 2025

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز مسلم دنیا کے مختلف رہنماؤں سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو میں عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا ہے۔ یہ بات وزیرِاعظم آفس سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

بیان کے مطابق کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویت کے برادر عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اُمتِ مسلمہ کے امن و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

۔

وزیرِاعظم نے کویت کے ولی عہدد کا حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران امن اور مکالمے کی حمایت میں کویت کے مضبوط اور متوازن موقف پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے۔

وزیرِاعظم نے خاص طور پر اس بات کا اعتراف کیا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے حالیہ بحران کے عروج پر بروقت فون کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قطر کے وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ کے تعمیری اور حمایت پر مبنی کردار کو بھی سراہا۔

اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملائشیا کے ہم منصب داتو سری انور ابراہیم سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے تحفظ اور خطے میں امن کے لیے دعا بھی کی۔

وزیرِاعظم نے پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران ملائشیا کے متوازن اور ذمہ دارانہ موقف، نیز کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے لیے کی جانے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف سے بھی ٹیلیفون پر بات کی اور انہیں، ان کے اہلِ خانہ اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عیدالاضحیٰ کی پرخلوص مبارکباد پیش کی۔

وزیرِاعظم نے حالیہ دورۂ لاچین کے دوران اپنی پرتپاک میزبانی پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران آذربائیجان کی غیر متزلزل حمایت پر صدر الہام علی یوف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ انصاف اور امن کے حق میں آذربائیجان کا اصولی موقف دونوں ممالک کے مابین بھائی چارے اور یکجہتی کے مضوط تعلقات کا عکاس ہے۔

Comments

200 حروف