پاکستان میں بلڈرز اور ڈویلپرز کی تنطیم یعنی ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) نے تعمیراتی شعبے کے لیے ایک طویل مدتی 15 سالہ ٹیکس پالیسی کا مطالبہ کیا ہے۔ آباد کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین میں بار بار تبدیلیاں مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرتی ہیں۔
ایسوسی ایشن نے جمعرات کو وفاقی حکومت کو مالی سال 2025-26 کے لیے اپنی تجاویز پیش کی ہیں جس میں ٹیکس نظام کی اصلاحات، شفافیت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا۔
تجاویز میں آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے 15 سالہ طویل المدتی ٹیکس پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس قوانین میں بار بار تبدیلیاں مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرتی ہیں۔
ایسوسی ایشن نے سیکشن ”236 سی“ کے تحت ایڈوانس ٹیکس کے خاتمے اور سیکشن ”236 کے“ کے تحت زیادہ سے زیادہ ٹیکس کی شرح کو 0.5 فیصد تک محدود کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
چیئرمین آباد محمد حسن بخشی کے مطابق ایڈوانس ٹیکس کے خاتمے سے پراپرٹی کی منتقلی آسان اور تیز تر ہو جائے گی، خریداروں اور سرمایہ کاروں پر مالی بوجھ کم ہوگا اور ٹرانزیکشنز میں شفافیت بڑھ جائے گی۔
ایسوسی ایشن نے سیکشن ”7ای“ اور سیکشن ”7ایف“ کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ سیکشن ”7ای“ کے تحت 1 فیصد ٹیکس ان افراد پر عائد کیا جاتا ہے جو جائیداد کے مالک ہیں مگر اس سے آمدنی حاصل نہیں کرتے جو کہ ایسوسی ایشن کے مطابق ”ناانصافی“ ہے۔
ایسوسی ایشن نے یہ تجویز بھی دی کہ سیکشن 7ایف کے تحت موجودہ پیچیدہ نظام کو ایک سادہ پر اسکوائر فٹ ٹیکس سسٹم سے بدل دیا جائے، جو کہ سیکشن 7سی اور 7ڈی میں موجود ہے تاکہ ٹیکس کے نظام میں شفافیت اور آسانی لائی جا سکے۔
کپیٹل گینز ٹیکس کے حوالے سےآباد کے چیئرمین نے کہا کہ پراپرٹی کی فروخت پر کپیٹل گینز ٹیکس کا موجودہ نظام غیر واضح ہے۔
آباد نے تجویز دی ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کا انحصار اس بات پر ہو کہ جائیداد کب سے ہے جس سے مارکیٹ میں توازن اور پیش گوئی کی صلاحیت پیدا ہوگی۔ اس کی بجٹ تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ریفنڈز کی منظوری کا عمل ”سست اور غیر شفاف“ ہے۔
آباد کے چیئرمین نے زور دیا کہ اس قسم کی شرائط کو ختم کرنے سے کاروباری برادری کو فوری ریلیف ملے گا۔
حسن بخشی نے کہا کہ پراپرٹی کی قیمتوں کا تعین کرنے کے لیے زیر استعمال ویلیوایشن ٹیبلز میں عدم استحکام ہے جس سے ٹرانزیکشنز میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گر ان مشکلات کو دور کیا جائے تو ایک زیادہ منصفانہ اور شفاف ٹیکس سسٹم بنانا آسان ہوگا۔ آباد کی تجاویز میں ویٹ ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے پراپرٹی لین دین میں اضافہ اور حکومت کی آمدنی بڑھانے کے لیے ویٹ ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کی تجویز دی۔
حسن بخشی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ٹیکس پالیسیوں کو آسان کرے تاکہ ریمیٹنسز میں اضافہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ جب بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں ڈالرز کے ذریعے پراپرٹی خریدتے ہیں تو انہیں ٹرانسفر ٹیکس کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو غیر منصفانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کو ختم کرنے سے ریمیٹنسز میں اضافہ ہوگا اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔






















Comments
Comments are closed.