شدید عوامی، سیاسی ردعمل پر امبانی کی کمپنی ”آپریشن سندور“ کا ٹریڈ مارک خریدنے کی درخواست سے دستبردار
ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز نے بھارت کے پاکستان پر فوجی حملوں کے کوڈ نام ”آپریشن سندور“ کا ٹریڈ مارک خریدنے کی درخواست سوشل میڈیا پر عوامی اور سیاسی ردعمل کے بعد واپس لے لی ہے۔
ریلائنس کا کہنا ہے کہ یہ درخواست جیو اسٹوڈیوز کے ایک جونیئر ملازم نے بلا اجازت اور غیر دانستہ طور پر دائر کی تھی تاہم ”آپریشن سندور“ اب بھارتی بہادری کی علامت اور قومی شعور کا حصہ بن چکا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حملے، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، کے بعد بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ مرنے والے افراد میں سے 25 ہندو تھے۔ ”سندور“، جو شادی شدہ ہندو خواتین کے ماتھے پر لگایا جانے والا سرخ رنگ کا پاؤڈر ہوتا ہے دراصل اس حملے میں بیوہ ہونے والی خواتین کی جانب اشارہ تھا۔
ریلانس انڈسٹریز کا وضاحتی بیان اس وقت جاری ہوا جب سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی حکومت کی ویب سائٹ کے اسکرین شاٹس شیئر کیے جن سے واضح ہورہا تھا کہ ریلانس اور بعض افراد نے ”آپریشن سندور“ کے ٹریڈ مارک کی رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ارچنا پوار نامی صارف نے شدید ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ یہ برانڈنگ نہیں، کھلی توہین ہے، یہ افسوسناک ہے کہ اتنا سنجیدہ معاملہ ایک مذاق میں بدلا جا رہا ہے۔
بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کے ترجمان انیروُدھ شرما نے سوال اٹھایا کہ امبانی کاروباری فائدے کے لیے آپریشن سندور کا ٹریڈ مارک کیوں خریدنا چاہتے ہیں؟
ریلائنس نے اپنی ٹریڈ مارک کی درخواست میں لکھا تھا کہ کمپنی ”آپریشن سندور“ کو تفریح فراہم کرنے، آڈیو و ویڈیو کی تیاری، پریذینٹیشن اور ڈسٹریبیوشن جیسے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
بھارت کی سابقہ فوجی کارروائیوں پر بالی ووڈ کی فلمیں بہت کامیاب رہی ہیں۔ 2019 میں پاکستانی علاقے میں مبینہ اسلامی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بھارت کی جانب سے کی گئی ’سرجیکل اسٹرائیکس‘ پر مبنی فلم ’اڑی‘ کو بھارت سمیت 16 ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا۔
ریلائنس نے گزشتہ سال اپنے ہندوستانی میڈیا اثاثوں کو والٹ ڈزنی کے ساتھ ضم کرکے 8.5 بلین ڈالر کی انٹرٹینمنٹ سلطنت قائم کی تھی ، جو متعدد چینلز اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم چلاتا ہے۔
ریلائنس نے گزشتہ سال اپنے بھارتی میڈیا اثاثوں کو والٹ ڈزنی کے ساتھ ضم کر کے 8.5 بلین ڈالر کا انٹرٹینمنٹ ایمپائر کھڑی کی تھی، جو کئی چینلز اور ایک اسٹریمنگ پلیٹ فارم چلاتی ہے۔
Comments