2 امریکی عہدیداروں نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ بدھ کے روز بتایا ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ جنگی طیارے کے استعمال سے 2 بھارتی لڑاکا جنگی جہاز گرائے۔ یہ پیشرفت چین کے جدید جنگی طیارے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں اعتماد ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ جے-10 طیارے کو بھارتی جنگی طیاروں کے خلاف ایئر ٹو ایئر میزائل داغنے کے لیے استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم از کم دو بھارتی طیارے گرائے گئے۔
ایک اور امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایک اور گرایا جانے والا طیارہ فرانسیسی ساختہ رافیل تھا۔
بھارت نے اپنے کسی بھی طیارے کے گرنے کی تصدیق نہیں کی، بلکہ دعویٰ کیا کہ اس نے پاکستان کے اندر کامیاب فضائی حملے کیے ہیں۔
فرانس میں رافیل کے مینوفیکچرر ڈسالٹ ایوی ایشن اور ایم بی ڈی اے کنسورشیم، جو میٹیئر ایئر ٹو ایئر میزائل بناتا ہے، سے تعطیلات کے سبب فوری طور پر تبصرے کیلئے دستیاب نہیں تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کی صبح اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے مار گرائے ہیں، جن میں تین رافیل، ایک مگ-21 اور ایک ایس یو-30 شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت بھارتی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی پاکستانی طیارے نے بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
اس کے علاوہ فرانس کے ایک اعلیٰ انٹیلیجنس اہلکار نے بھی سی این این کو بتایا کہ پاکستان نے ایک بھارتی رافیل طیارہ مار گرایا ہے، جو فرانسیسی ساختہ جدید جنگی طیارے کا پہلا جنگی نقصان ہو ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزید ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم کم از کم ایک رافیل کے گرنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔
Comments