پاکستان ائر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ائرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا۔

پی اے اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ائرپورٹس جمعرات کی دوپہر 12 بجے تک دستیاب نہیں ہونگے۔

پی اے اے کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا ء پر اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

یہ معطلی ایک روز بعد عمل میں آئی ہے جب پاکستان نے بھارت کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، ان حملوں میں بدھ کی علی الصبح کم از کم 31 افراد شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی میزائل بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آباد شہروں پر داغے گئے جبکہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بھی حملہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے جن میں تین رافیل، ایک مگ 21 اور ایک ایس یو 30 شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور چیک پوسٹ کو بھی تباہ کیا گیا۔

Comments

200 حروف