پاکستان

پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کا فروغ، ورلڈ لبرٹی فنانشل اور پاکستان کرپٹو کونسل کا تاریخی معاہدہ

  • معاہدے کا مقصد پاکستان میں بلاک چین جدت، اسٹیبل کوائن اپنانے اور ڈی سنٹرلائزڈ فنانس (ڈی فائی) کے انضمام کو تیز کرنا ہے
شائع April 27, 2025

ورلڈ لبرٹی فنانشل (ڈبلیو ایل ایف)، جو کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت یافتہ ڈی سنٹرلائزڈ فنانس (ڈی ای ایف آئی) پلیٹ فارم ہے، نے ہفتہ کے روز پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایل او آئی) پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستان میں بلاک چین جدت، اسٹیبل کوائن اپنانے اور ڈی سنٹرلائزڈ فنانس (ڈی فائی) کے انضمام کو تیز کرنا ہے۔

ڈبلیو ایل ایف کے وفد میں زکری فولک مین، زکری وٹکوف (جو کہ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے بیٹے ہیں)، اور چیز ہیرو شامل تھے۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں وزیرِاعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، ڈپٹی پرائم منسٹر، وزیر اطلاعات اور وزیر دفاع شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد تعاون کو رسمی شکل دینا تھا، جو پاکستان کو ڈیجیٹل فنانس انقلاب میں عالمی رہنما کے طور پر ابھارنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

پاکستان کے فعال اور مثبت انداز نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ ملک مالیاتی جدت کی نئی لہر کو اپنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکومت نے جلد ہی کرپٹو کرنسی کی جامع قانونی حیثیت کے حوالے سے پالیسیاں متعارف کرانے کا عندیہ دیا ہے، جس سے پاکستان کی دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی کرپٹو مارکیٹوں میں پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط ورلڈ لبرٹی فنانشل اور پاکستان کرپٹو کونسل کے اجلاس کے دوران کیے گئے۔ اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر خزانہ، کرپٹو کونسل کے سی ای او، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین ایس ای سی پی اور وفاقی سیکرٹری برائے آئی ٹی بھی موجود تھے۔

پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان تعاون کا دائرہ کار اہم شعبوں پر مشتمل ہے، جن میں شامل ہیں:

  • بلاک چین مالیاتی مصنوعات کی جانچ کے لیے ریگولیٹری سینڈ باکسز کا آغاز
  • ڈی فائی پروٹوکولز کی ذمہ دارانہ ترقی کو فروغ دینا
  • رئیل اسٹیٹ اور کموڈیٹیز جیسی حقیقی دنیا کی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کا جائزہ لینا
  • رقوم کی منتقلی اور تجارت کے لیے اسٹیبل کوائن ایپلی کیشنز کو وسعت دینا
  • بلاک چین انفراسٹرکچر اور عالمی ریگولیٹری رجحانات پر اسٹریٹجک مشاورت فراہم کرنا

پاکستان دنیا کی سب سے زیادہ امید افزا ڈیجیٹل معیشتوں میں سے ایک ہے، جہاں 64 فیصد سے زائد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔

ملک عالمی سطح پر کرپٹو اپنانے کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جہاں سالانہ اندازاً 300 ارب ڈالر کے کرپٹو لین دین اور 2 کروڑ 50 لاکھ فعال کرپٹو صارفین موجود ہیں۔

موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال، متحرک فری لانس اکانومی، اور حکومت کی بلاک چین میں گہری دلچسپی کے باعث پاکستان کے نوجوان ویب3 انقلاب کی اگلی لہر کی قیادت کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہیں۔

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور ٹیکنالوجی سیکٹر ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں۔ اس طرح کی شراکت داریوں کے ذریعے ہم سرمایہ کاری، جدت اور بلاک چین معیشت میں عالمی قیادت کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کہا کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ ہمارا اشتراک صرف ایک شراکت داری نہیں بلکہ ایک اسٹریٹجک قدم ہے، جس کا مقصد ہماری نوجوان آبادی کو بااختیار بنانا اور پاکستان کو عالمی مالیاتی مستقبل میں شامل کرنا ہے۔

ورلڈ لبرٹی فنانشل کی قیادت نے پاکستان کی توانائی اور وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ
پاکستان کی توانائی، وژن اور ٹیلنٹ اسے دنیا میں ڈی سنٹرلائزڈ فنانس کا مستقبل تعمیر کرنے کے لیے سب سے دلچسپ جگہوں میں سے ایک بناتے ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف