وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور جوائنٹ ٹاسک فورس فار اکنامک انگیجمنٹ کے سربراہ محمد التویجری سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بات چیت میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، سعودی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کی اسٹریٹجک پوزیشن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے توانائی، انفرااسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کے وسیع امکانات پر زور دیتے ہوئے سعودی کاروباری اداروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

سعودی وزیر خالد الفالح اور ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو تیز کرنے اور ان کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان طویل المیعاد اور باہمی فائدہ مند اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی پاک سعودی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے علاوہ اہم وزرا اور سینئر حکام بھی موجود ہیں۔

Comments

200 حروف