سعودی امیگریشن ٹیم روڈ ٹو مکہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے اتوار کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی جس سے پاکستان سے سفر کرنے والے عازمین حج کو روانگی سے قبل امیگریشن کلیئرنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ کی ٹیم نے سعودی حکام کا پرتپاک استقبال کیا۔
29 اپریل سے کراچی سے پہلی حج پرواز کی روانگی کے موقع پر سعودی امیگریشن ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آٹھ مخصوص کاؤنٹرز پر عازمین حج کی امیگریشن کلیئرنس کرے گی۔
اس اقدام کا مقصد پاکستان سے روانگی سے قبل امیگریشن کی رسمی کارروائیاں مکمل کرکے سعودی عرب میں عازمین حج کے داخلے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
اس سے قبل سعودی امیگریشن کا 45 رکنی وفد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ حجاج کرام کے لیے امیگریشن پروسیسنگ کی سہولت کے لیے سعودی ٹیمیں اب اسلام آباد اور کراچی دونوں ہوائی اڈوں پر تعینات ہوں گی۔
دریں اثنا اسلام آباد، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر قبل از حج 2025 کے کوآرڈینیشن اجلاس مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تمام متعلقہ محکموں کے عہدیداروں نے عازمین حج کے لئے سہولت اور حفاظتی انتظامات کو مکمل طور پر یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
روڈ ٹو مکہ منصوبہ سعودی عرب پہنچنے پر انتظار کے اوقات کو کم کرکے عازمین حج کے سفر کے تجربے کو آسان بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
Comments