رمضان المبارک قریب آتے ہی کراچی شہر میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 30 سے 40 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اس وقت ریٹیل مارکیٹ میں فی کلو چینی 170 روپے تک فروخت ہورہی ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 4 دنوں میں 140 سے بڑھ کر 153 روپے پر جاپہنچی ہے۔
کراچی گروسرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤف ابراہیم نے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسپورٹ کی اجازت کے بعد مقامی مارکیٹ میں چینی کے نرخ میں مسلسل اضافہ جاری ہے.
عبدالرؤف ابراہیم کا کہناہے کہ پاکستان نے ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی افغانستان اور بنگلہ دیش ایکسپورٹ کی ہے مگر اس کے باوجود ملک میں وافر مقدار میں چینی دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 11 ماہ کے دوران چینی کی کھپت ساڑھے پانچ لاکھ ٹن ہے جب کہ رمضان میں یہ بڑھ کر 10 لاکھ ٹن ہوجاتی ہے۔
عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق چینی کی ہول سیل قیمت 125 سے 130 روپے تک ہونی چاہیے۔
ایسوسی یشن کے صدر نے کہا کہ چینی کے گودام بھرے پڑے ہیں تاہم کریک ڈاؤن کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن نہ کیا گیا تو ہول سیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 جب کہ ریٹیل کی سطح پر 200 تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
کراچی گروسرز ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔






















Comments
Comments are closed.