نعمان علی کی شاندار ہیٹرک کی بدولت ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نعمان علی پاکستان کے پہلے اسپنر بن گئے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

نعمان نے 41 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساتھی اسپنر ساجد خان نے 64 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیبیو کرنے والے کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کے لئے صورتحال مزید خراب ہوسکتی تھی تاہم گداکیش موتی اور جومیل وری کین نے 10ویں وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بناکر اپنی ٹیم کی لاج رکھ لی۔

اس سے قبل کپتان کریگ بریتھ ویٹ 9، میکائل لوئس 4، عامر جنگو صفر، کیوم ہوج 21، الیک اتھانزے صفر اور گریوز ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔

اسی طرح وکٹ کیپر ٹیون امالاچ اور کیون سنکلیئر بھی کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے جب کہ کیماروش نے 25 رنز کی قابل ذکر باری کھیلی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ملتان میں پہلا ٹیسٹ 127 رنز سے جیتنے کے بعد دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم نے 30 سالہ فاسٹ باؤلر کاشف علی کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا ہے جبکہ خرم شہزاد کو آرام دیا گیا ہے۔

دوسری طرف ویسٹ انڈیز نے انجرڈ جیڈن سیلز کی جگہ تجربہ کار فاسٹ بولر کیمار روچ کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ عامر جانگو کیسی کارٹی کی جگہ لینے کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔

یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے سائیکل کا حصہ ہے، جس میں پاکستان آٹھویں جبکہ ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان شان مسعود، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، کاشف علی اور ابرار احمد شامل ہیں۔

Comments

200 حروف