ٹیکنالوجی

آرٹیفیشل انٹیلیجنس: مائیکرو سافٹ کا بھارت میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

مائیکرو سافٹ کا بھارت میں 3 ارب ڈالر کی مصنوعی ذہانت (اے آئی ) میں سرمایہ کاری کا اعلان
شائع January 7, 2025

مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیا نڈیلا نے منگل کو کہا ہے کہ کمپنی آئندہ دو برسوں میں بھارت میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کلاؤڈ انفرا اسٹرکچر پر 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے۔

دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ( بھارت) گزشتہ چند برسوں میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے مقابلہ کا اہم میدان جنگ بن گیا ہے کیونکہ امریکی ٹیکنالوجی کی کمپنیاں اپنی خدمات کے لیے نئے صارفین تلاش کرنے اورنئی صلاحیتوں کے ذرائع تک رسائی حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

حالیہ مہینوں میں این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ اور میٹا کے چیف اے آئی سائنسدان یان لی کون سمیت اعلیٰ عہدیداروں نے بھارت کا دورہ کیا ہے۔

نڈیلا نے منگل کے روز کہا کہ 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں نئے ڈیٹا سینٹرز کا قیام بھی شامل ہوگا۔

نڈیلا نے کہا کہ بھارت تیزی سے مصنوعی ذہانت کی جدت طرازی میں رہنما بن رہا ہے، جس سے ملک بھر میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔

انفرا اسٹرکچر اور ہنرمندی میں سرمایہ کاری کا آج ہم اعلان کر رہے ہیں، جس سے بھارت کو مصنوعی ذہانت سے سرفہرست بنانے کے ہمارے عزم کا اعادہ ہوتا ہے اور اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ملک بھر کے لوگوں اور تنظیموں کو وسیع پیمانے پر فائدہ ہو۔

مصنوعی ذہانت کو عالمی سطح پر اپنانے سے مائیکروسافٹ کی کلیدی کلاؤڈ سروسز کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے جو نڈیلا کی قیادت میں اس کے کاروبار کا مرکز بن گئے ہیں۔

یہ اعلان مائیکروسافٹ کے صدر بریڈ اسمتھ کے اس بیان کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کمپنی رواں مالی سال میں مصنوعی ذہانت میں 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ پر گامزن ہے۔

اسمتھ کے مطابق مائیکروسافٹ رواں سال مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر، مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت اور دنیا بھر میں کلاؤڈ بیسڈ ایپلی کیشنز کی تنصیب کے لیے 80 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے ایک آن لائن پوسٹ میں کہا کہ امریکہ ٹیکنالوجی کی اس نئی دوڑ میں سب سے آگے رہنے کے لئے تیار ہے، خاص طور پر اگر وہ اپنی طاقت کو دگنا کرتا اور بین الاقوامی سطح پر موثر شراکت دار بنتا ہے۔

Comments

200 حروف