کھیل

کپتان شان مسعود کی قیادت میں پاکستان کی دوسرے ٹیسٹ میں واپسی

پاکستان نے فالو آن اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے
شائع January 5, 2025

کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے کی شاندار اوپننگ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان نے نیولینڈز پر دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن پہلی اننگز میں 421 رنز کے خسارے کے بعد کھیل کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

پاکستان نے فالو آن اننگز میں کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کھو کر 213 رنزبنا لیے ہیں اور جنوبی افریقہ کو دوبارہ بیٹنگ پر مجبور کرنے کے لیے اسے ابھی مزید 208 رنز درکار ہیں ۔

پاکستان کے کپتان شان مسعود 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں ، یہ ان کی چھٹی ٹیسٹ سنچری ہے جبکہ بابر اعظم نے 81 رنز اسکور کیے، اس سیریز میں یہ ان کی مسلسل تیسری نصف سنچری ہے۔

بابر، جو اگست 2023 کے بعد سے کوئی بین الاقوامی سنچری نہیں بنا سکے، ایک بار پھر ناکام رہے جب وہ تیسرے دن کھیل ختم ہونے سے 14 منٹ قبل مارکو جانسن کی گیند پر گلی میں کیچ ہو گئے۔

ان کی 205 رنز کی شراکت پاکستان کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں پہلی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت تھی۔ یہ پاکستان کی پہلی اننگز کے 194 رنز کے مجموعے سے بھی زیادہ تھی، جس کی بنا پر جنوبی افریقی کپتان تیمبا باوما نے فالو آن کرادیا۔

یہ بابراعظم کے لیے دن کی دوسری اہم شراکت تھی، کیونکہ انہیں صائم ایوب کے دائیں ٹخنے میں فریکچر کے بعد مجبوراً بیٹنگ اوپن کرنی پڑی ۔

بابر اعظم نے پہلی اننگز میں 58 رنز بنائے اور چوتھی وکٹ کے لیے محمد رضوان (46) کے ساتھ مل کر 98 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔

قبل ازیں نیو لینڈز میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 194 رنز پر آؤٹ کر کے پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل کی۔

صبح پانی کے وقفے کے بعد 18 سالہ کوینا مپھاکا نے 5 ویں گیند پر اس وقت پارٹنرشپ توڑ ڈالی جب بابر اعظم لیگ سائیڈ پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کائل ویرین کو کیچ دے بیٹھے۔

پانچ اوورز بعد رضوان بھی پویلین واپس لوٹے جب انہوں نے ویان ملڈر کی گیند پر آگے بڑھ کر شاٹ کھیلا اورگیند بیٹ کے کنارے سے لگ کر اسٹمپس سے جا ٹکرائی۔

پاکستان کی ٹیم زخمی اوپننگ بلے باز صائم ایوب کے بغیر کھیل رہی تھی اور باقی بلے بازوں کی جانب سے بہت کم مزاحمت دیکھنے کو ملی۔

مختصر اسکور:

جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 194 رنز بنائے، بابر اعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیگسو ربادا نے 55 رنز دے کر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کوینا مپھاکا نے 43 اورکیشو مہاراج نے 14 رنز کے عوض 2، 2 وکٹیں حاصل کیں ۔

میچ کی صورتحال: جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس نے پاکستان کو دوسری اننگز شروع کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

Comments

200 حروف