دنیا

غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، شہداء کی تعداد 44 ہزار 382 ہوگئی، فلسطینی حکام

  • گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 19 شہادتیں بھی مجموعی تعداد میں شامل ہیں
شائع November 30, 2024

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر ایک سال سے زائد عرصے سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 382 ہو گئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 شہادتیں ہوئیں۔ اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی میں ایک لاکھ 5 ہزار 142 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

فلسطینی طبی حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ غزہ میں گزشتہ رات اور ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 32 فلسطینی شہید ہوئے جن میں سے زیادہ ترشہادتیں شمالی علاقوں میں ہوئیں۔

بعد ازاں ہفتے کے روز فلسطینی طبی عملے نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں 7 افراد اس وقت شہید ہوئے جب غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے جنوبی علاقے میں امداد کیلئے جمع فلسطینیوں کے ہجوم کے قریب ایک گاڑی پر بمباری کی گئی۔

مقامی افراد اور حماس کے ذرائع کے مطابق امداد کیلئے جمع فلسطینیوں کے قریب جس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا وہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کی نگرانی کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی تھی۔

غزہ سول ڈیفنس اور فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہید ہونے والے 32 افراد میں وہ 7 فلسطینی بھی شامل ہیں جنہیں اسرائیلی حملے کے دوران وسطی غزہ شہرکے ایک گھرمیں نشانہ بنایا گیا۔

غزہ کے شہری دفاع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ پر حملوں میں اس کا ایک افسرشہید ہوگیا ہے، جس کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اس شہید ہونے والے کارکنوں کی مجموعی تعداد 88 ہوگئی ہے۔

Comments

200 حروف