لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر ایک حملہ ہوا، جیسا کہ اے ایف پی ٹی وی کی فوٹیج میں دکھایا گیا، یہ حملہ اسرائیلی فوج کی جانب سے علاقے کو خالی کرنے کی نئی اپیل کے فوراً بعد کیا گیا۔
منگل سے اسرائیل نے شہر کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر متعدد حملے کیے ہیں جو حزب اللہ کا گڑھ ہے۔
اے ایف پی ٹی وی کی ویڈیو میں ہفتے کی صبح علاقے کی عمارتوں پر دھوئیں کے تین بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
حملے سے کچھ دیر قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچی ادرائی نے ایکس پر ہریت ہریک کے مضافاتی علاقے کے رہائشیوں کو نقل مکانی کی ہدایت دی تھی ۔
اس پوسٹ میں عربی زبان میں مخصوص عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اور رہائشیوں سے کم از کم 500 میٹر دور جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’آپ حزب اللہ کی تنصیبات کے قریب ہیں جن کے خلاف اسرائیلی فوج مستقبل قریب میں طاقت کے ساتھ کارروائی کرے گی۔‘
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) کا کہنا ہے کہ ’دشمن‘ نے تین فضائی حملے کیے جن میں سے ایک ہریت ہریک کے قریب ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہریت ہریک کے قریب ہونے والے پہلے حملے میں عمارتیں تباہ ہوئیں اور علاقے کو نقصان پہنچا۔
جنوبی بیروت پر بار بار اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہری علاقے سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔
این این اے کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیل نے جمعے کی رات اور ہفتہ کی علی الصبح متعدد حملے کیے۔
رات گئے حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں انفنٹری بٹالین کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بناتے ہوئے دو راکٹ حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی۔
23 ستمبر کے بعد سے اسرائیل نے لبنان میں اپنی فضائی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک 3440 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اس تنازعے سے لبنان کو پانچ ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوا ہے جبکہ اصل ساختی نقصان اربوں ڈالر سے زیادہ ہے۔
Comments