دنیا

بی 52 بمبار طیارے مشرق وسطیٰ پہنچ گئے، امریکی فوج

  • اگرا ایران یا اس کے آلہ کاروں نے موقع کو خطے میں امریکی اہلکاروں یا مفادات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا تو امریکہ اپنے عوام کے دفاع کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گا، پینٹا گون
شائع November 3, 2024

واشنگٹن کی جانب سے ایران کو وارننگ جاری کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد امریکی فوج نے کہا ہے کہ امریکی بی 52 بمبار طیارے مشرق وسطیٰ پہنچ گئے ہیں۔

مشرق وسطیٰ اور آس پاس کے ممالک کے لیے فوجی کمان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’مینوٹ ایئر فورس بیس کے پانچویں بم ونگ سے بی-52 اسٹریٹجک بمبار طیارے امریکی سینٹرل کمانڈ کے علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔‘

امریکہ نے جمعے کی شام اعلان کیا تھا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں بمبار طیارے، لڑاکا اور ٹینکر طیارے اوربیلسٹک میزائل ڈیفنس ڈسٹرائر بھیج رہا ہے۔

پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ اگر ایران، اس کے شراکت دار یا اس کے آلہ کار اس موقع کو خطے میں امریکی اہلکاروں یا مفادات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں تو امریکہ اپنے عوام کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

اسرائیل نے 26 اکتوبر کو ایران کے خلاف فضائی حملے کیے تھے، جس میں فوجی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تھا، اور ملک کے سپریم لیڈر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تہران اسرائیلی حملوں کا جواب دے گا۔

ایران نے 2024 میں اسرائیل کے خلاف دو بڑے حملے کیے ہیں ، ایک اپریل میں دمشق میں اس کے قونصل خانے پر حملے کے بعد جس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا گیا تھا ، اور دوسرا اکتوبر میں جس کے بارے میں تہران نے کہا تھا کہ یہ مشرق وسطی میں اس کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے رہنماؤں کے قتل کے جواب میں تھا۔

Comments

200 حروف