حزب اللہ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس نے تل ابیب کے قریب اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکوارٹر پر بیلسٹک میزائل داغا ہے۔

سات اکتوبر کے بعد اسرائیل کے ساتھ تقریبا ایک سال تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اس گروپ نے بیلسٹک میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

اس سے قبل بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے تل ابیب میں سائرن بجنے کے بعد لبنان سے کئے گئے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی مزاحمت نے بدھ کی صبح ساڑھے چھ بجے ’قادر 1‘ بیلسٹک میزائل داغا جس سے تل ابیب کے مضافات میں موساد کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں گزشتہ ہفتے لبنان میں ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موساد ہیڈکوارٹر رہنماؤں کے قتل اور پیجرز اور وائرلیس ڈیوائسز کے دھماکے کا ذمہ دار ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ حملہ غزہ کے عوام کی حمایت اور لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں کیا گیا۔

حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 7 اکتوبر کو فلسطینی گروپ حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد سے روزانہ سرحد پار فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

حالیہ دنوں میں اسرائیل کی جارحیت کی توجہ غزہ سے لبنان کی طرف تیزی سے منتقل ہوئی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں کم از کم 558 افراد ہلاک ہوئے جو 1975-90 کی خانہ جنگی کے بعد ملک میں تشدد کا سب سے مہلک دن ہے۔

Comments

200 حروف