دنیا

غزہ معاہدے کو حتمی شکل دینے، جنگ ختم کرنے کا وقت آن پہنچا، جو بائیڈن

  • جوبائیڈن نے لبنان میں اسرائیلی حملوں کے بعد مکمل جنگ کیخلاف انتباہ بھی کیا
شائع September 24, 2024

امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو مشرق وسطیٰ میں ”بڑی جنگ“ کے خلاف وارننگ دیتے ہوئے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان اور غزہ میں سفارتی حل تلاش کریں۔

لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 550 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ مکمل جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ صورتحال بگڑ گئی ہے لیکن اب بھی ایک سفارتی حل ممکن ہے۔

بائیڈن نے لبنان میں بڑھتی کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت یہ مستقل تحفظ کے لیے واحد راستہ ہے تاکہ دونوں ممالک کے رہائشیوں کو سرحد پر محفوظ طور پر اپنے گھروں میں واپس آنے دیا جا سکے۔ اور یہی ہے جس کے حصول کے لیے ہم بے پناہ کوشش کر رہے ہیں۔

لبنان میں یہ خونریزی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب فلسطینی علاقے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی امریکی کوششیں کئی ماہ سے ناکام ہو چکی ہیں۔

بائیڈن نے کہا کہ وہ اب بھی وہاں تقریبا ایک سال سے جاری جنگ روکنے پر زور دے رہے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں فریق وسیع خاکے پر متفق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قطر اور مصر کے ساتھ جنگ بندی اور یرغمالیوں کے معاہدے کو آگے بڑھایا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس کی توثیق کی ہے۔ بائیڈن نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ فریقین اپنی شرائط کو حتمی شکل دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے تحت یرغمالیوں کو رہائی دلوائی جائے گی جبکہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان امن قائم ہوگا اور غزہ پر حماس کا کنٹرول بھی ختم کیا جائے گا، غزہ میں مصائب کو کم کیا جائے گا اور اس جنگ کو ختم کیا جائے گا۔

Comments

200 حروف