واکی ٹاکی دھماکوں میں 20 ارکان جاں بحق ہوئے،حزب اللہ
حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس کے 20 ارکان جاں بحق ہوئے ہیں، گروپ کے قریبی ذرائع نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا کہ وہ ایک دن پہلے اسرائیل پر الزام عائد کیے جانے والے واکی ٹاکی دھماکوں میں مارے گئے ہیں۔
گروپ نے بدھ کی شام سے جمعرات کی صبح تک ہر رکن کیلئے الگ الگ موت کے نوٹس بھیجے، جس میں کہا گیا کہ وہ ”یروشلم کے راستے میں“ مارے گئے تھے - یہ جملہ حزب اللہ اسرائیل کے ہاتھوں مارے جانے والے جنگجوؤں کے لئے استعمال کرتا ہے۔
ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حزب اللہ کے 20 ارکان بدھ کے روز لبنان بھر میں واکی ٹاکی دھماکوں میں مارے گئے۔
اس سے قبل بدھ کو وزارت صحت نے کہا تھا کہ لبنان میں حزب اللہ کے مضبوط ٹھکانوں میں الیکٹرانک آلات کے دھماکوں کی دوسری لہر میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 450 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز ہونے والے دھماکوں سے ایک روز قبل لبنان میں حزب اللہ کی جانب سے استعمال کیے جانے والے پیجرز کے بیک وقت دھماکے میں دو بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 2800 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیل نے ان واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ جمعرات کی سہ پہر ہونے والے حملوں کے بعد ٹیلی ویژن پر اپنی پہلی تقریر کریں گے۔
Comments