ہیڈل ووڈ کا عثمان خواجہ سے قریبی تعلق نہ ہونے کا اعتراف، کتاب کی اشاعت پر اعتراض نہیں
- عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کا علم اسکینڈل میں سزا پانے والے تین کھلاڑیوں تک محدود نہیں تھا
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیڈل ووڈ نے کہا ہے کہ ان کے اور عثمان خواجہ کے درمیان کبھی زیادہ قریبی تعلقات نہیں رہے، تاہم سابق ساتھی کی خودنوشت کتاب پر انہیں کوئی ناراضی نہیں، جس نے 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کا علم اسکینڈل میں سزا پانے والے تین کھلاڑیوں تک محدود نہیں تھا۔
ہیڈل ووڈ کا کہنا ہے کہ انہیں اس منصوبے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ 35 سالہ بولر نے اشارہ دیا کہ ٹیم سے باہر خواجہ کے ساتھ ان کا محدود میل جول ممکنہ طور پر اس بات کی وجہ ہو سکتا ہے کہ انہیں ایسی کسی گفتگو کا علم نہیں ہوا۔
نیوز کارپ کے اخبارات کو انٹرویو دیتے ہوئے ہیڈل ووڈ نے کہا کہ کھیل ہو یا دفتر، کسی بھی 20 رکنی ٹیم میں دو تین ایسے افراد ضرور ہوتے ہیں جن کے ساتھ آپ کی ذاتی دوستی یا میل جول زیادہ نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات ہوتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ہر وقت ساتھ گھومتے پھریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو انہیں ان کھلاڑیوں سے نفرت تھی اور نہ ہی وہ ان سے جان بوجھ کر دور رہتے تھے۔
ہیڈل ووڈ نے مزید کہا کہ اس وقت ٹیم میں بلے بازوں اور بولرز کے درمیان تقسیم کسی حد تک موجود تھی، اگرچہ ٹیم کے اندر تعلقات زیادہ قریبی نہیں تھے۔
انہوں نے عثمان خواجہ کی کتاب ’صبر‘ کی اشاعت یا اس کے وقت پر بھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔
ہیڈل ووڈ کے مطابق انہیں کتاب میں بیان کردہ کسی بات پر برا نہیں لگا۔ اگر خواجہ واقعات کو اپنے انداز میں بیان کرنا اور اپنی کہانی پیش کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ایسا کرنے کا پورا حق ہے۔




















Comments