اسٹارٹ اپس کو صرف سرمایہ نہیں، مزید سہولیات اور معاونت بھی درکار ہے
- بیرون ملک پاکستانی سرمایہ، تجربہ اور مہارت وطن منتقل کرنے میں کردار ادا کریں
پاکستان میں اسٹارٹ اپس (نئے کاروباری منصوبوں) سے متعلق گفتگو عموماً سرمایہ کاری کے اعدادوشمار تک محدود رہتی ہے۔ کتنی رقم حاصل ہوئی، کس سرمایہ کار نے سرمایہ لگایا اور کیا یہ رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے؟ تاہم نیویارک اور دبئی میں ایک دہائی سے زائد عرصے تک کاروباری بانیوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کی بنیاد پر میرا ماننا ہے کہ سرمایہ کسی بھی کاروباری نظام کا سب سے آسانی سے شمار کیا جانے والا پہلو ہے، لیکن صرف سرمایہ کامیابی کے لیے کافی نہیں۔ سرمایہ ایندھن کی مانند ہے، مگر انجن، راستے اور منزل کے بغیر ایندھن زیادہ دور تک نہیں لے جا سکتا۔
تازہ اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو آئی ٹو آئی وینچرز کے مطابق پاکستانی اسٹارٹ اپس نے 2026 کی تیسری سہ ماہی میں پانچ معاہدوں کے ذریعے تقریباً 74.7 ملین ڈالر حاصل کیے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں نو معاہدوں کے تحت یہ رقم 15.3 ملین ڈالر تھی۔ بظاہر یہ شعبے کی بحالی کا اشارہ ہے، لیکن تفصیلات کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ مجموعی سرمایہ کاری میں سے تقریباً 91 فیصد حصہ ایک ہی کمپنی فاسٹ کے حصے میں آیا۔ اس معاہدے کو نکال دیا جائے تو باقی چار کمپنیوں کو صرف 6.7 ملین ڈالر ملے۔ اس لیے اسے پورے کاروباری نظام کی بحالی قرار دینے کے بجائے ایک بڑی سرمایہ کاری کا نتیجہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا۔
پاکستان میں باصلاحیت افراد کی کمی مسئلہ نہیں۔ ڈیل روم کی 2026 کی پاکستان ٹیکنالوجی رپورٹ کے مطابق ملک میں وینچر کیپیٹل سے سرمایہ حاصل کرنے والے 170 سے زائد اسٹارٹ اپس موجود ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 4 ارب ڈالر ہے، تاہم ان میں کوئی بھی یونیکورن کمپنی نہیں۔ رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاری کی رفتار دستیاب صلاحیتوں کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی۔ میرے خیال میں ایک اور بڑی کمی یہ ہے کہ ہم ان صلاحیتوں کو صارفین، اداروں اور کاروباری ذرائع سے منسلک نہیں کر سکے جو اچھے کاروباری خیالات کو پائیدار کمپنیوں میں تبدیل کرتے ہیں۔
میں نے خود کاروباری بانی، منتظم، وینچر پلیٹ فارم بنانے والے اور رہنما کی حیثیت سے مختلف تجربات حاصل کیے ہیں۔ کاروباری افراد کو صرف ایسے شخص کی ضرورت نہیں ہوتی جو انہیں سرمایہ فراہم کرے بلکہ انہیں ایسے لوگوں کی بھی ضرورت ہوتی ہے جو ان کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھول سکیں۔ یہ مسائل صرف سرمائے کی کمی کے نہیں بلکہ باہمی روابط کے فقدان کے بھی ہیں۔
دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت میں کام کے دوران میں نے ایس ایم ای اِن اے باکس منصوبے کی تیاری میں مدد کی۔ اس کے تحت بینکاری، ٹیکنالوجی اور کاروباری خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا تاکہ چھوٹے کاروباروں کو ہر ادارے سے الگ الگ معاملات طے نہ کرنا پڑیں۔ صرف چار ماہ میں اس منصوبے نے شراکت دار اداروں کے ذریعے 80 ہزار درہم سے زائد مالیت کے فوائد پیدا کیے۔
اسی طرح میرے قائم کردہ فلاح و بہبود کے آن لائن تجارتی پلیٹ فارم رِدم (Rythm) میں شراکت داری کو کاروباری ترقی کی بنیادی حکمت عملی بنایا گیا۔ 25 سے زائد برانڈز کے ساتھ شراکت داری سے 75 فیصد آمدنی حاصل ہوئی، جبکہ 200 سے زائد برانڈ ایمبیسڈرز کے پروگرام نے صارفین کی خریداری کی شرح میں 20 فیصد اضافہ کیا۔ صارفین تک پہنچنے کا مؤثر راستہ اکثر ان لوگوں کے ذریعے بنتا ہے جن پر وہ پہلے ہی اعتماد کرتے ہیں۔
اسی لیے مصنوعات اور خدمات کی مارکیٹ تک رسائی انتہائی اہم ہے۔ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات رواں مالی سال ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو ظاہر کرتی ہیں کہ ملک عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات فروخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا کوئی نئی پاکستانی کمپنی ہر تعلق ازسرنو قائم کیے بغیر خریداروں، بینکوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کر سکتی ہے؟ مضبوط کاروباری نظام ترقی کو قسمت یا ذاتی تعلقات پر نہیں چھوڑتے۔
اس پورے نظام میں ہر فریق کی اپنی ذمہ داری ہے اور مسائل اس وقت پیدا ہوتے ہیں جب کوئی فریق دوسرے کا کردار ادا کرنے لگتا ہے۔ حکومت کا کام بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور کاروبار شروع کرنے، سرمایہ کاری کرنے اور ترقی کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے، نہ کہ کامیاب کمپنیوں کا انتخاب کرنا۔ بڑی کمپنیاں صارفین اور تقسیم کار شراکت دار کا کردار ادا کریں اور اسٹارٹ اپس کو محض سماجی ذمہ داری کے منصوبے کے بجائے کاروباری سپلائرز سمجھیں۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ، نظم و ضبط اور روابط فراہم کرنے چاہئیں، جبکہ کاروبار کی تعمیر کی ذمہ داری بانیوں پر ہے۔
پاکستان میں اس حوالے سے کچھ مثبت پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اگست میں مجوزہ وینچر کیپیٹل بل کا مسودہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کو مشاورت کے لیے بھیجا، جس کا مقصد آسان لائسنسنگ کے ذریعے ایسی سرمایہ کاری کو ملک میں لانا ہے جو اس وقت بیرون ملک منظم طریقے سے ہو رہی ہے۔
پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ کے دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے ذریعے 25 سے 50 ملین ڈالر کے فنڈ کی بنیاد رکھی جائے گی۔ تاہم یہ اقدامات صرف ابتدائی ڈھانچہ ہیں، مکمل حل نہیں۔ ان کی افادیت اس وقت تک محدود رہے گی جب تک سرمایہ کاروں کو اپنی سرمایہ کاری سے نکلنے کے قابل اعتماد مواقع میسر نہیں آتے۔
اگست میں تسدیق کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ ایک خوش آئند مثال تھی، جبکہ نومبر میں اے بی ایچ آئی مائیکروفنانس بینک کے آئی پی او کو بک بلڈنگ اور ریٹیل دونوں مراحل میں مقررہ حجم سے زیادہ سرمایہ کاری کی پیشکشیں موصول ہوئیں۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ لگانے کے ساتھ اسے واپس حاصل کرنے کا راستہ بھی درکار ہوتا ہے۔
پاکستان بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں کی صلاحیتوں سے بھی زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ترسیلات زر ان کی سب سے معروف مالی معاونت ہیں، لیکن وطن سے تعلق اور تعاون صرف رقم بھیجنے تک محدود نہیں۔ بیرون ملک پاکستانی اپنے تجربات، کاروباری روابط، رہنمائی اور مناسب مواقع پر منظم سرمایہ کاری کے ذریعے بھی ملک کی مدد کر سکتے ہیں۔
لاہور میں موجود کسی کاروباری بانی کو اگر نیویارک میں ایسے شخص سے براہ راست رابطہ میسر ہو جسے پہلے ہی کسی کمپنی کی سیریز اے سرمایہ کاری حاصل کرنے کا تجربہ ہو تو اس کے کئی ماہ بچ سکتے ہیں۔ یہی وہ رہنمائی ہے جو کسی مضبوط کاروباری نظام کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ بن سکتی ہے۔
میرے لیے یہ معاملہ ذاتی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان میرا وطن ہے۔ میری پرورش ایک کاروباری گھرانے میں ہوئی، جہاں میں نے دیکھا کہ کاروبار کی کامیابی میں باہمی تعلقات اور کمیونٹی کا کتنا اہم کردار ہوتا ہے۔ اصل موقع صرف ملک میں سرمایہ واپس لانے کا نہیں بلکہ کاروباری روابط، علم اور مواقع تک رسائی کو بھی اس نظام کا حصہ بنانے کا ہے۔
اس مقصد کے لیے سب سے پہلے صرف کمپنیوں کو سرمایہ فراہم کرنے کے بجائے کاروباری روابط کے فروغ پر سرمایہ کاری کی جائے۔ اس میں رہنمائی کے نیٹ ورکس، بڑی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کے مشترکہ پروگرام، کاروباری برادریاں اور شراکت داری کے ذرائع شامل ہیں۔
دوسرا، شراکت داری کی کامیابی کو پریس ریلیز میں نمایاں کیے جانے والے اداروں کے ناموں کے بجائے ان سے حاصل ہونے والے حقیقی فوائد کی بنیاد پر جانچا جائے۔ بصورت دیگر یہ محض ایک نیٹ ورکنگ تقریب ہوگی، مضبوط کاروباری نظام نہیں۔
تیسرا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن میں سرمایہ کاری، رہنمائی اور کاروباری روابط قائم کرنے کے لیے واضح اور قانونی طریقہ کار فراہم کیا جائے۔
پاکستان کے پاس کاروباری بانی، باصلاحیت افراد اور آگے بڑھنے کا عزم موجود ہے۔ اب ضرورت اس معاون نظام کو مضبوط بنانے کی ہے جو ان صلاحیتوں کو کامیاب کاروبار میں تبدیل کر سکے۔ ضروری نہیں کہ پاکستان کا اگلا بڑا اسٹارٹ اپ سب سے زیادہ سرمایہ حاصل کرے، ممکن ہے وہ ایسا کاروبار ہو جو اپنے گرد سب سے مضبوط کاروباری نظام تشکیل دے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026




















Comments