ترک فضائیہ کے سربراہ کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
- ’’ترک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور جدید خطوط پر استوار ہونے کی کوششوں کو سراہا‘‘
ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکیران نے منگل کے روز اسلام آباد میں ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی اور فضائی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل رافت دالکیران کی ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری ایک مضبوط تزویراتی تعلقات میں تبدیل ہو چکی ہے، جس میں دفاع اور فضائی شعبوں میں مزید وسعت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے ترک فضائیہ کو پائلٹس کی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات میں پاکستان کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
ترک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور جنگی تجربے کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی جدید خطوط پر استوار ہونے کی کوششوں اور مقامی سطح پر فضائی ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل رافت دالکیران نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔




















Comments