این ڈی ایم اے کی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی
- پوٹھوہار، مری، گلیات اور بالائی خیبرپختونخوا میں موسلادھار برسات کا امکان، پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کرتے ہوئے موسمیاتی الرٹ جاری کردیا ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب اور پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پوٹھوہار، مری اور گلیات کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
رات کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور اور ملحقہ علاقوں میں دھند اور اسموگ چھانے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی اسی نوعیت کی موسمی صورتحال رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی مطلع ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں، بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بالخصوص بالائی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ موسمی صورتحال کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ رہنے اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی صورتحال اور موسم سے متعلق دیگر خطرات کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔




















Comments