عمران خان کی بہنیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا
- نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 21 ستمبر کو ایم پی او آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت گرفتار کیا گیا تھا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی دو بہنوں نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے تک زیرِ حراست رکھنے کے بعد لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے قانونی مشیر رانا مدثر عمر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بہنیں بحفاظت گھر پہنچ گئی ہیں۔
آج نیوز کے حوالے سے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے خصوصی کوششیں کرتے ہوئے ان کی رہائی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو 21 ستمبر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کے مجوزہ احتجاج سے قبل عمل میں آئی تھی۔ اس سے ایک روز قبل 20 ستمبر کو ان کی ایک اور بہن علیمہ خان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نورین اور ڈاکٹر عظمیٰ کو ان کے بچوں اور علیمہ خان کے بیٹوں سمیت ایک بکتر بند گاڑی میں نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
پارٹی نے اس کارروائی کو غیر قانونی اور اختیارات کے ناجائز استعمال، بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور سیاسی انتقام کا اقدام قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ تاحال علیمہ خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔





















Comments