ایران کا افزودہ جوہری مواد بیرون ملک نہ بھیجنے کا اعلان، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک فیصد بڑھ گئیں
- برینٹ خام تیل کے سودے 1.22 ڈالر یا 1.3 فیصد اضافے کے بعد 92.71 ڈالر فی بیرل پر آ گئے
ایران کے سکیورٹی چیف کے اس بیان کے بعد کہ تہران کسی بھی افزودہ جوہری مواد کو ملک سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں دے گا، بدھ کے روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا۔ اس سے ایک روز قبل تیل کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی تھیں۔
واشنگٹن کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ ابتدائی مذاکرات میں جوہری امور کو بھی شامل ہونا چاہیے، جن کا مقصد ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ ختم کرنا ہے۔
گرینچ مین ٹائم کے مطابق 1412 بجے برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 1.22 ڈالر یا 1.3 فیصد اضافے سے 92.71 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.09 ڈالر یا 1.3 فیصد بڑھ کر 87.13 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
گزشتہ سیشن کے دوران امریکی حکام کی جانب سے ایران پر مزید فوجی حملوں کی ضرورت کو کم اہمیت دینے کے بعد تیل کی قیمتیں ابتدائی طور پر 3 ڈالر فی بیرل سے زیادہ گر گئی تھیں۔ تاہم، بعد ازاں ایک ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے اس بیان کے بعد قیمتوں میں کمی جزوی طور پر واپس آ گئی کہ دونوں فریقوں کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔
یو بی ایس کے تجزیہ کار جیوانی اسٹاونونو نے کہا، ’’کشیدگی میں فوری کمی کی امیدیں دم توڑنے سے تیل کی قیمتوں کو سہارا مل رہا ہے۔‘‘
واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ پالیسی کے اعداد و شمار کے مطابق، آبنائے ہرمز میں حملوں میں کمی کے آثار نمایاں نہیں، جہاں اکتوبر میں 37 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جنگ شروع ہونے کے بعد کسی ایک ماہ میں حملوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اسپارٹا کموڈیٹیز کی سینئر تجزیہ کار جون گوہ نے کہا کہ سفارتی مذاکرات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے دوران خلیج کی بحری گزرگاہوں میں جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹ کے لیے اہم سوال یہ ہے کہ آیا ایران سفارتی معاہدے تک پہنچنے کے لیے امریکا کے مطالبات پر بات چیت کے لیے آمادہ ہو گا یا نہیں۔
برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی نے منگل کے روز بتایا کہ عمان میں لیما کے شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے منگل ہی کو الگ سے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ’’غیر مجاز راستے‘‘ سے گزرنے کے دوران بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دو آئل ٹینکروں میں آگ لگ گئی۔
ایل ایس ای جی آئل ریسرچ نے 10 نومبر کے ایک نوٹ میں کہا، ’’معاہدہ طے پانے کی صورت میں بھی اس آبی گزرگاہ سے تیل کی ترسیل میں اضافہ بارودی سرنگیں صاف کرنے، بیمہ اخراجات اور اس بات پر منحصر ہو گا کہ جہازوں کے مالکان خطرہ مول لینے پر آمادہ ہوتے ہیں یا نہیں۔‘‘
رسد کے محاذ پر مارکیٹ ذرائع نے امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں 90 لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار بدھ کے روز بعد میں جاری کیے جانے ہیں۔
علاوہ ازیں روس کے ایک علاقائی گورنر نے بتایا ہے کہ بحیرہ بالٹک کے ساحل پر واقع بندرگاہ اوست لوگا کے علاقے میں ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے تین کارکن زخمی ہو گئے۔
صنعتی ذرائع کے مطابق، اکتوبر کے اواخر سے یوکرین کے نئے ڈرون حملوں کے بعد روس کی تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں تقریباً 30 فیصد کمی آ چکی ہے۔
روسی اور یوکرینی حکام نے منگل کے روز ابوظہبی میں فروری کے بعد پہلی مرتبہ امن مذاکرات کیے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندوں نے جنگ ختم کرانے کے لیے نئی سفارتی کوششیں شروع کر دی ہیں۔























Comments