برآمد کنندگان کو سہولت دینے کے لیے حکومت کا برآمدی سہولت اسکیم میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ
- مجوزہ ترامیم کا مقصد برآمدات سے متعلق اخراجات میں کمی، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا ہے
حکومتِ پاکستان برآمدی سہولت اسکیم (ای ایف ایس) میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ طریقہ کار آسان بنایا جا سکے، تعمیل سے متعلق اخراجات کم ہوں اور برآمد کنندگان کو اسکیم تک بہتر رسائی فراہم کی جا سکے، جبکہ اس کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات بھی مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔
اس سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ برآمدی سہولت اسکیم کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا پانچواں اجلاس بدھ کے روز وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کی۔
اجلاس میں وزارتِ تجارت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر حکام، برآمد کنندگان کی انجمنوں بشمول آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)، پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے) اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے علاوہ نمایاں برآمد کنندگان نے شرکت کی۔
- برآمدی سہولت اسکیم کے تحت اہل برآمد کنندگان کو خام مال، پیداواری مداخل اور مشینری کسٹمز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس پیشگی ادا کیے بغیر درآمد کرنے کی اجازت ہوتی ہے، بشرطیکہ یہ تمام اشیا براہِ راست برآمدی مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوں۔
فنانس ڈویژن کی پریس ریلیز کے مطابق، کمیٹی نے برآمد کنندگان کی درجہ بندی آسان بنانے، اجازت ناموں کی مدت کو معقول بنانے اور نئے و موجودہ برآمد کنندگان کے لیے اسکیم تک رسائی بہتر بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والے برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے، شفاف طریقہ کار متعارف کرانے اور ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات برقرار رکھتے ہوئے ضمانتی تقاضوں کو آسان بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
مجوزہ ترامیم کا مقصد برآمدات سے متعلق اضافی اخراجات کم کرنا، نئی سرمایہ کاری اور مقامی سطح پر ویلیو ایڈیشن کی حوصلہ افزائی کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مراعات حقیقی برآمدی کارکردگی سے منسلک رہیں۔
بلال اظہر کیانی نے زور دیا کہ محصولات کے تحفظ کے تقاضوں پر سمجھوتا کیے بغیر متعلقہ طریقہ کار آسان بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہلیت کے معیار اور مقررہ طریقہ کار کا اطلاق یکساں طور پر کیا جائے اور کسی کو بھی استثنیٰ نہ دیا جائے۔
وزیر مملکت نے برآمدی برادری کی ضروریات کے مطابق اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے برآمد کنندگان اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔






















Comments