ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی
- برینڈن کنگ کی ناقابلِ شکست 81 رنز کی اننگز، مہمان ٹیم کو دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل
ویسٹ انڈیز نے برینڈن کنگ کی ناقابلِ شکست 81 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ہفتے کے روز پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 142 رنز پر سمیٹنے کے بعد 170 رنز کا ہدف 35.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ برینڈن کنگ نے 115 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز بنائے۔
میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے جومیل ویرکن نے دوسری اننگز میں 63 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پہلی اننگز میں بھی انہوں نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے دوسری اننگز میں 36 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی پانچویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی تھی۔
بنگلہ دیش نے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 79 رنز سے آگے بڑھائی تو اسے مجموعی طور پر 106 رنز کی برتری حاصل تھی، تاہم جاکر علی جلد ہی جومیل ویرکن کی گیند پر سلپ میں روسٹن چیز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 34 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور اننگز میں بنگلہ دیش کے دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
نعیم حسن نے روسٹن چیز کی گیندوں پر 21 اور 29 رنز کے انفرادی اسکور پر دو کیچ چھوٹنے کے بعد اننگز کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے حسن محمود کے ساتھ 26 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم جومیل ویرکن نے حسن محمود کو 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔
نعیم حسن کے ساتھ 17 رنز کی شراکت میں تیج الاسلام نے 8 رنز بنائے، جس کے بعد روسٹن چیز نے انہیں آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کا اسکور 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز کردیا۔
نعیم حسن نے 87 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی، تاہم روسٹن چیز کی گیند پر لانگ آن کے اوپر سے چھکا لگانے کی کوشش میں جوشوا بشپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 91 گیندوں پر 52 رنز بنائے، جبکہ شریف الاسلام 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے کہا کہ ان کی ٹیم اپنی حکمت عملی پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ ’’تینوں شعبوں میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی، خاص طور پر فیلڈنگ میں۔ بعض اوقات ایسا ہوجاتا ہے، تاہم میرا ماننا ہے کہ ہماری نیت اور تیاری اچھی تھی۔‘‘
ویسٹ انڈیز نے ہدف کے تعاقب کا پراعتماد آغاز کیا۔ اوپنرز برینڈن کنگ اور جان کیمبل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 14.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 64 رنز بنالیے، جس کے بعد بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا۔
تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو دونوں بلے بازوں نے مزید 23 رنز جوڑے، تاہم خراب روشنی اور آسمانی بجلی چمکنے کے باعث کھیل مزید 45 منٹ کے لیے روک دیا گیا۔
وقفے کے بعد نعیم کی گیند پر متبادل فیلڈر عبادت حسین نے برینڈن کنگ کا 70 رنز پر کیچ چھوڑ دیا، جس کی بنگلہ دیش کو بھاری قیمت چکانا پڑی۔ دوسری جانب جان کیمبل 55 گیندوں پر 49 رنز بنا کر شریف الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 5 نومبر سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔























Comments