یوکرین کو روس کے بڑے حملے سے قبل کوئی اطلاع نہیں ملی، زیلنسکی
- روسی میزائلوں اور ڈرونز کے بڑے حملے سے بجلی کی وسیع پیمانے پر بندش، انٹیلی جنس معلومات پر زیلنسکی کو تشویش
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے رات گئے بیلسٹک میزائل حملے سے قبل اتحادی ممالک نے یوکرین کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی۔ روس کے وسیع فضائی حملوں کے نتیجے میں 5 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔
روسی افواج نے کیف اور اس کے نواحی علاقوں پر 16 بیلسٹک میزائل داغے، جبکہ ملک بھر میں 200 سے زائد ڈرونز سے حملے کیے۔ حملوں کا دائرہ مشرق میں خارکیف اور دنیپرو سے جنوب میں اوڈیسا اور مغرب میں وولین و ریونے تک پھیلا ہوا تھا۔ زیلنسکی کے مطابق توانائی کی 10 سے زائد تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق حملوں میں کیف میں ایک خاتون اور صنعتی شہر کریوی ریہ میں دو افراد ہلاک ہوئے۔زیلنسکی کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر تنقید ایسے وقت سامنے آئی ہے جب یوکرین کی حمایت اور روس سے متعلق امریکی پالیسی پر ان کے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے درمیان اختلافات بڑھ رہے ہیں۔
زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر کہا کہ رات گئے روسی بیلسٹک میزائل حملے کی متعدد لہریں آئیں، لیکن اتحادیوں کی جانب سے پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے فضائی دفاع کے لیے میزائلوں کی فراہمی روکنا اور روس پر پابندیوں میں نرمی یا تاخیر حقیقت سے چشم پوشی کے مترادف ہے۔






















Comments