یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی کے سربراہ چَیفرین کا مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس، آخری مدت کے لیے امیدوار بننے کا اعلان
- یوئیفا کے صدر چَیفرین دوبارہ انتخاب لڑیں گے، فیفا کی موجودہ قیادت سے یورپ کی بدستور ناراضی کا اشارہ
یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوفا کے صدر الیگزینڈر چَیفرین ایک اور مدت کے لیے ادارے کی سربراہی کے خواہاں ہیں، جس کے بعد مارچ میں فیفا کی صدارت کے لیے جیانی انفانٹینو کو چیلنج کرنے والے ممکنہ امیدواروں میں ایک اہم ترین نام میدان سے باہر ہوگیا ہے۔
چَیفرین نے جمعرات کو برلن میں یوفا کی 55 قومی ایسوسی ایشنز کے صدور اور جنرل سیکریٹریز کو بتایا کہ وہ آخری مدت کے لیے انتخاب لڑیں گے۔ اس طرح انہوں نے اپنے موجودہ دور کی مدت مکمل ہونے پر عہدہ چھوڑنے کے سابقہ فیصلے سے رجوع کرلیا۔
سلووینیائی چَیفرین نے اگست میں کہا تھا کہ وہ فیفا کے صدارتی انتخاب میں انفانٹینو کے خلاف امیدوار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے جمعرات کو قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں 22 اپریل کو ہونے والی یوفا کی 51ویں عام کانگریس میں دوبارہ انتخاب لڑنے کے اپنے ارادے کی بھی تصدیق کردی۔
چَیفرین نے کہا، ’’میں قومی ایسوسی ایشنز کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ گزشتہ برسوں کے دوران ہمیں غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور ہم نے ایک ٹیم کی حیثیت سے مل کر ان کا مقابلہ کیا۔ ابھی اہم کام باقی ہے، اسی لیے میں نے دوبارہ انتخاب لڑنے کی ان کی درخواست قبول کرلی ہے۔‘‘
ان کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوفا کی قومی ایسوسی ایشنز فیفا میں تبدیلیوں کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یوفا نے جمعرات کو کہا کہ آذربائیجان کے سوا اس کی تمام 55 قومی ایسوسی ایشنز نے فیفا میں اصلاحات کی تجاویز کی حمایت کی ہے۔
یوئیفا نے کہا، ’’قومی ایسوسی ایشنز نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ فیفا کی موجودہ قیادت پر اعتماد کھو چکی ہیں۔ ادارہ جاتی اصلاحات اکیلے کافی نہیں ہوں گی۔
’’فیفا کو نئی قیادت کی بھی ضرورت ہے، ایسی باوقار اور اتحاد قائم کرنے والی شخصیت کی جو فٹبال سے گہرا تعلق رکھتی ہو، قیادت کے لیے وژن اور تجربہ رکھتی ہو، مختلف خطوں میں اعتماد حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو اور ترقی، اصلاحات، دیانت داری اور خودمختاری کے لیے غیر مبہم عزم رکھتی ہو۔‘‘
سوئٹزرلینڈ کے سابق دفاعی کھلاڑی رامون ویگا نے بدھ کو کہا کہ وہ آئندہ سال فیفا کے صدارتی انتخاب میں اپنے ہم وطن انفانٹینو کے خلاف امیدوار بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ 18 نومبر کی مقررہ آخری تاریخ سے قبل موجودہ صدر کو چیلنج کرنے کے ارادے کا عوامی طور پر اعلان کرنے والے پہلے شخص بن گئے ہیں۔
انفانٹینو کو جولائی میں فیفا کی ایک نئی تجارتی کمپنی میں نجی سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد سے بڑھتی ہوئی مخالفت کا سامنا ہے۔ اس کمپنی کے پاس ورلڈ کپ سمیت مختلف مقابلوں سے متعلق تجارتی حقوق ہونا تھے۔
انفانٹینو نے عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی کے فیصلہ سازی کے عمل کا آزادانہ جائزہ لینے کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ وہ فیفا کے فیصلہ سازی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کنفیڈریشنز، رکن ایسوسی ایشنز اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی تجویز پیش کریں گے۔























Comments