چائنا اوپن : تھکن سے نڈھال کوکو گوف کو ایلیس مرٹنز کے ہاتھوں شکست
- سوشل میڈیا پر حالیہ تنقید سے متاثر امریکی ٹینس اسٹار کو بیلجئیم کی ایلیس مرٹنز کے ہاتھوں 6-3، 6-3 سے ناکامی، چائنا اوپن میں سفر ختم ہوگیا
امریکی ٹینس اسٹار اور تیسری سیڈ کوکو گوف چائنا اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کی ایلیس مرٹنز کے ہاتھوں 6-3، 6-3 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ گوف نے میچ سے قبل گزرے چند دنوں کو انتہائی تھکا دینے والا قرار دیا۔
22 سالہ گوف نے پیر کو مقامی کھلاڑی سن شِن ران کے خلاف کامیابی کے بعد بتایا تھا کہ ایک میچ میں ری پلے کیے گئے پوائنٹ پر سوشل میڈیا پر ردعمل کے بعد انہیں نسلی تعصب پر مبنی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
کوکو گوف نے کہا کہ گزشتہ 36 گھنٹے ان کے لیے ذہنی طور پر تھکا دینے والے رہے، تاہم انہوں نے فون بند کرکے آگے بڑھنے کو ترجیح دی۔
دو مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن کوکو گوف اس میچ سے قبل مرٹنز کے خلاف پانچوں سابقہ مقابلوں میں کامیاب رہی تھیں۔ تاہم اس بار 34 غیرضروری غلطیوں اور 8 ڈبل فالٹس نے ان کی مشکلات بڑھا دیں۔
78 منٹ جاری رہنے والے میچ کے دوسرے سیٹ میں 4-1 سے پیچھے ہونے کے دوران کوکو گوف نے اپنی ٹیم کو بتایا کہ ان میں جان نہیں اور انہیں بے ہوش ہونے جیسا محسوس ہورہا ہے۔ مرٹنز اب کوارٹر فائنل میں چھ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن اگا شویاٹیک کا سامنا کریں گی۔






















Comments