یورپی یونین کا یوکرین کی فوجی امداد سے منسلک 6.6 ارب یورو جاری کرنے پر اتفاق
- یوکرین کے لیے بڑی پیش رفت: یورپی یونین کے رکن ممالک کا 6.6 ارب یورو کی فوجی امداد جاری کرنے پر اتفاق، یورپی معاونت محدود کرنے کی کوششوں کو مسترد کردیا
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے جمعہ کو بتایا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے یوکرین کے لیے فوجی امداد سے منسلک یورپی یونین کے 6.6 ارب یورو (7.5 ارب ڈالر) کے فنڈز جاری کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
کاجا کالاس کے مطابق یہ رقم ’یورپی پیس فیسیلٹی‘ سے فراہم کی جائے گی، جو ایک ایسا فنڈ ہے جسے یورپی یونین کے رکن ممالک بلاک سے باہر کے ممالک کو فوجی امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ یہ فنڈ رکن ممالک کی جانب سے فراہم کردہ فوجی امداد کے اخراجات کی تلافی بھی کرتا ہے۔
انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جاری کیے گئے فنڈز میں سے 90 کروڑ یورو یوکرین کے لیے یورپی یونین کے فوجی امدادی مشن کو دیے جائیں گے، جبکہ ایک ارب یورو نئے مشترکہ طور پر فوجی سازوسامان خریدنے کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باقی 4.7 ارب یورو رکن ممالک کو ان کی جانب سے فراہم کی گئی فوجی امداد کے اخراجات کی تلافی کے لیے دیے جائیں گے، جن میں سے بعض ممالک پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے حصے کی رقم یوکرین کو منتقل کریں گے۔
کاجا کالاس نے کہا، ’’یہ یوکرین کے لیے اچھی خبر اور روس کے لیے بری خبر ہے۔ ماسکو کے ہائبرڈ حملوں کا مقصد یورپ کو خوفزدہ کرکے یوکرین کے لیے اپنی حمایت کم کرنے پر مجبور کرنا ہے، مگر یورپ اس کے برعکس کر رہا ہے۔‘‘
یوکرین سے متعلق رقم کئی ماہ تک اس فنڈ میں پھنسی رہی۔ ابتدا میں اسے روس نواز وزیراعظم وکٹر اوربان کی قیادت میں سابق ہنگری حکومت نے روک دیا تھا۔
یہ واضح نہیں تھا کہ جمعہ کے معاہدے کے تحت جاری کیے جانے والے فنڈز میں سے کتنی رقم براہِ راست یوکرین کو فائدہ پہنچائے گی۔ یہ فیصلہ یورپی یونین کی انفرادی حکومتیں کریں گی کہ انہیں واپس ملنے والی رقم میں سے کتنا حصہ کیف کے لیے نئی فوجی امداد پر خرچ کرنا ہے۔























Comments