نایاب ارضی معدنیات: پاکستان کی معیشت
- اہم معدنیات پاکستان کے لیے برآمدات میں تنوع، سرمایہ کاری کے حصول، صنعتی استعداد مضبوط بنانے اور ابھرتی ہوئی عالمی سپلائی چینز میں شمولیت کا اہم موقع فراہم کرتی ہیں
عالمی سطح پر اہم معدنیات کے حصول کی دوڑ تجارت، ٹیکنالوجی اور صنعتی پالیسی کا منظرنامہ تبدیل کررہی ہے۔ کیا پاکستان اپنی معدنی صلاحیت کو برآمدات، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے ایک نئے ذریعہ میں تبدیل کرسکتا ہے؟
عالمی معیشت وسائل کے حصول کی مسابقت کے ایک نئے دور میں داخل ہورہی ہے۔ بیسویں صدی کے بیشتر عرصے میں تیل نے معاشی طاقت اور جغرافیائی سیاسی اثرورسوخ کا تعین کیا۔ تاہم، آج وسائل کی ایک مختلف قسم حکومتوں، سرمایہ کاروں اور کثیرالقومی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔ نایاب ارضی عناصر اور اہم معدنیات، جن کا ذکر کبھی زیادہ تر ارضیاتی اور کان کنی کے حلقوں تک محدود تھا، اب اکیسویں صدی کی معیشت کو آگے بڑھانے والی ٹیکنالوجیز کے لیے بنیادی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔
برقی گاڑیاں، قابلِ تجدید توانائی کے نظام، سیمی کنڈکٹرز، جدید صنعتی پیداوار اور مصنوعی ذہانت، سب اہم معدنیات کی قابلِ اعتماد فراہمی پر انحصار کرتے ہیں۔ جیسے جیسے ممالک صاف توانائی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی جانب منتقلی تیز کررہے ہیں، ان وسائل کی طلب بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ چنانچہ اہم معدنیات تک رسائی یقینی بنانا بہت سے ممالک کے لیے ایک اہم معاشی اور تزویراتی ترجیح بن چکا ہے۔
پاکستان کے لیے یہ پیش رفت ایک انتہائی اہم مرحلے پر سامنے آئی ہے۔ ملک کو مسلسل ادائیگیوں کے توازن کے دباؤ، محدود برآمدی بنیاد اور طویل مدتی پیداواری سرمایہ کاری کے حصول کے مستقل چیلنج کا سامنا ہے۔ اگرچہ معاشی مباحث میں عموماً ٹیکسٹائل، زراعت، ترسیلاتِ زر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز رہتی ہے، تاہم پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد پاکستان کے معدنی وسائل کو مستقبل میں معاشی ترقی کے ممکنہ ذریعے کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
حالیہ پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دلچسپی محض قیاس آرائی تک محدود نہیں۔ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم نے دنیا بھر سے سرمایہ کاروں، کان کنی کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور پالیسی سازوں کو متوجہ کیا، جس سے پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی دلچسپی میں اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔ فورم میں ہونے والی بات چیت کا محور صرف تانبے اور سونے تک محدود نہیں تھا بلکہ ان اہم معدنیات پر بھی توجہ مرکوز کی گئی جنہیں عالمی معیشت میں تیزی سے تزویراتی اثاثوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
ان معدنیات کی اہمیت محض کان کنی سے کہیں آگے ہے۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق برقی نقل و حرکت اور قابلِ تجدید توانائی کی جانب عالمی منتقلی سے آنے والی دہائیوں کے دوران کئی اہم معدنیات کی طلب میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ یہ وسائل اب محض اجناس نہیں رہے بلکہ ایسی صنعتوں کے لیے بنیادی خام مال بن چکے ہیں جو مستقبل کی معاشی ترقی کا رخ متعین کریں گی۔
چین اس وقت عالمی سطح پر اہم معدنیات کی پروسیسنگ کی صنعت کے ایک بڑے حصے پر غالب ہے، جس کے باعث امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان اور یورپی یونین کے رکن ممالک اپنی سپلائی چینز میں تنوع پیدا کرنے اور متبادل ذرائع محفوظ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس تبدیلی نے ایسے ممالک کے لیے مواقع پیدا کیے ہیں جہاں تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل معدنی ذخائر موجود ہیں، تاکہ وہ سرمایہ کاری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی پیداواری نظام میں اپنا مقام مضبوط کرسکیں۔
پاکستان کے پاس وسیع ارضیاتی وسائل موجود ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں تانبے، سونے، کرومائٹ، لوہے کے خامے، قیمتی پتھروں اور دیگر تزویراتی معدنیات کے ذخائر پائے جاتے ہیں۔ تاہم ان میں سے بڑی تعداد اب بھی مکمل طور پر دریافت اور استعمال نہیں ہوسکی۔ پاکستان تاریخی طور پر برآمدی آمدنی کے لیے روایتی شعبوں پر انحصار کرتا رہا ہے، لیکن معدنی وسائل معاشی بنیاد کو وسیع کرنے اور محدود تعداد میں صنعتوں پر انحصار کم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔
اس حوالے سے بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبہ سب سے نمایاں مثالوں میں شامل ہے۔ ریکوڈک کو دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار کیا جاتا ہے اور اس منصوبے نے عالمی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ اندازوں کے مطابق ریکوڈک اپنی عملی زندگی کے دوران دسیوں ارب ڈالر کی معاشی قدر پیدا کرسکتا ہے، جبکہ اس سے بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل ہونے اور متعلقہ صنعتوں کو فروغ ملنے کی بھی توقع ہے۔
تاہم اہم معدنیات کی اہمیت کا اندازہ صرف ان کے نکالنے کے عمل سے نہیں لگایا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے زیادہ اہم معاشی سوال یہ ہے کہ یہ وسائل وسیع تر ترقیاتی اہداف میں کس طرح معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ برآمدی آمدنی یقیناً اہم ہے، لیکن صنعتی ترقی، تکنیکی صلاحیت میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور عالمی سپلائی چینز کے زیادہ قدر والے حصوں میں شمولیت بھی اتنی ہی اہمیت رکھتے ہیں۔
یہ فرق پاکستان کے لیے خاص طور پر اہم ہے۔ ملک اکثر خام یا معمولی حد تک پراسیس شدہ اجناس برآمد کرتا رہا ہے جبکہ زیادہ قدر رکھنے والی تیار مصنوعات درآمد کرتا ہے۔ اس طرزِ تجارت سے قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد محدود رہتے ہیں۔ جن ممالک نے معدنی دولت سے کامیابی کے ساتھ فائدہ اٹھایا، انہوں نے عموماً صرف معدنیات نکالنے کے بجائے ان کی پروسیسنگ، ریفائننگ، تکنیکی ترقی اور ایسے صنعتی ماحولیاتی نظام میں سرمایہ کاری کی جو زیادہ قدر پیدا کرتے ہیں۔
آسٹریلیا اور کینیڈا جیسے ممالک کا تجربہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کی کامیابی محض وافر معدنی وسائل کی وجہ سے نہیں بلکہ مضبوط اداروں، واضح اور مستحکم ضوابط، تکنیکی جدت اور انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کی بدولت ممکن ہوئی۔ معدنی وسائل نے مواقع فراہم کیے، تاہم نتائج کا تعین پالیسی فیصلوں نے کیا۔
پاکستان کو اس حوالے سے کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ بہت سے علاقوں میں ارضیاتی تحقیق ابھی نامکمل ہے، بنیادی ڈھانچے کی رکاوٹیں آپریشنل لاگت میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں اور ضوابط سے متعلق غیر یقینی صورتِ حال نے بعض اوقات سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ ماحولیاتی پہلوؤں پر بھی بھرپور توجہ درکار ہے، خصوصاً اس لیے کہ عالمی سرمایہ کار اب منصوبوں کا جائزہ ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی معیارات کی روشنی میں تیزی سے لے رہے ہیں۔
اتنا ہی اہم یہ امر بھی ہے کہ قدرتی وسائل کی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچے۔ معاشی تبدیلی کا اندازہ صرف برآمدات کے اعدادوشمار یا سرمایہ کاری کے حجم سے نہیں لگایا جاسکتا۔ اگر معدنی دولت طویل مدتی خوشحالی میں حقیقی معنوں میں کردار ادا کرے تو روزگار کے مواقع، بنیادی ڈھانچے میں بہتری، تعلیم اور مقامی معاشی ترقی کو بھی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ بنانا ہوگا۔
اس کے باوجود موجودہ وقت پاکستان کے لیے سازگار ثابت ہوسکتا ہے۔ دنیا بھر میں اہم معدنیات کی تلاش میں تیزی آرہی ہے۔ حکومتیں اور کارپوریشنیں قابلِ اعتماد شراکت داروں، متنوع سپلائی چینز اور تزویراتی وسائل کے نئے ذرائع کی تلاش میں ہیں۔ ایسے ممالک جو مستحکم سرمایہ کاری کا ماحول اور طویل مدتی ترقی کا واضح وژن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس تبدیلی سے فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
پاکستان کے لیے اہم معدنیات محض کان کنی کا ایک موقع نہیں بلکہ ایسی صنعتوں میں شمولیت کا امکان بھی ہیں جو مستقبل کی معاشی ترقی کا تعین کریں گی۔ لہٰذا بحث صرف اس بات تک محدود نہیں ہونی چاہیے کہ زمین کے نیچے کیا موجود ہے، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان عالمی معیشت کے بدلتے ہوئے ڈھانچے میں خود کو کس طرح مؤثر انداز میں جگہ دے سکتا ہے۔
کئی دہائیوں سے پاکستان کی معاشی ترقی کی کہانی کا محور زراعت، ٹیکسٹائل اور ترسیلاتِ زر رہے ہیں۔ اہم معدنیات اس بحث میں ایک نئے باب کا اضافہ کرتی ہیں۔ یہ پاکستان کے معاشی مسائل کو راتوں رات حل نہیں کرسکتیں اور نہ ہی وسیع تر اصلاحات کا متبادل بن سکتی ہیں۔ تاہم، یہ برآمدات میں تنوع پیدا کرنے، سرمایہ کاری متوجہ کرنے، صنعتی استعداد مضبوط بنانے اور ابھرتی ہوئی عالمی سپلائی چینز میں شمولیت کا ایک اہم موقع ضرور فراہم کرتی ہیں۔
یہ بات ابھی واضح نہیں کہ آیا نایاب ارضی عناصر اور اہم معدنیات بالآخر پاکستان کی معیشت کو تبدیل کرسکیں گی یا نہیں۔ تاہم یہ بات یقینی ہے کہ مستقبل کی تشکیل کرنے والی صنعتیں تیزی سے انہی وسائل پر انحصار کررہی ہیں۔ دنیا برقی گاڑیوں، قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجیز، سیمی کنڈکٹرز اور مصنوعی ذہانت کو توانائی اور قوت فراہم کرنے والے خام مال کے حصول کے لیے مسابقت کررہی ہے اور ایسے میں پاکستان کی معدنی دولت ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔ اب چیلنج مواقع کی تلاش نہیں بلکہ یہ طے کرنا ہے کہ ان مواقع سے بہترین انداز میں فائدہ کیسے اٹھایا جائے۔
























Comments