ایئر لفٹ کے شریک بانی عثمان گل کے اے آئی اسٹارٹ اپ میٹل نے 45 لاکھ ڈالر کی سیڈ فنڈنگ حاصل کرلی
- عثمان گل نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس پیش رفت کا اعلان کیا
پاکستان میں قائم اسٹارٹ اپ میٹل نے a16z Speedrun اور Y Combinator کی قیادت میں ہونے والے سیڈ فنڈنگ راؤنڈ میں 4.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرلی ہے۔
میٹل کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عثمان گل جو ایئر لفٹ کے بھی بانی ہیں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس پیش رفت کا اعلان کیا۔
میٹل ایک اے آئی آپریٹنگ سسٹم کے طور پر کام کرتا ہے جسے اسٹارٹ اپ بانیوں کو فنڈ ریزنگ اور وینچر کیپیٹل سے متعلق امور میں معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ اے آئی پلیٹ فارم اسٹارٹ اپس کے فنڈنگ راؤنڈز میں معاونت کے لیے جامع معلومات، تجزیاتی صلاحیت اور خودکار سہولیات فراہم کرتا ہے۔
دریں اثنا عثمان گل نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ فنڈنگ راؤنڈ میں پاینیر فنڈ، ریبل فنڈ، گینجلز، انڈس ویلی کیپیٹل، ٹیم اِگنائٹ وینچرز اور فیز وینچرز سمیت دیگر سرمایہ کاروں نے بھی حصہ لیا۔
عثمان گل کے مطابق میٹل مالی سال 2026 کا اختتام کئی ملین ڈالر کی سالانہ آمدنی کے ساتھ کرنے کی راہ پر گامزن ہے جبکہ کمپنی نے مسلسل چھ سہ ماہیوں کے دوران سہ ماہی بنیاد پر 30 سے 80 فیصد کی شرح نمو ریکارڈ کی ہے۔
کمپنی نے نجی سرمایہ مارکیٹوں کے ارتقا پر اپنی تحقیقی رپورٹ بھی جاری کی جس میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے برسوں میں اس شعبے کے کس انداز میں ترقی کرنے کی توقع ہے۔
اس سے قبل جون میں میٹل نے ریبل فنڈ سے اسٹریٹجک سرمایہ کاری حاصل کی تھی جو ایک وینچر کیپیٹل فرم ہے اور وائی کومبی نیٹر کے ایکو سسٹم سے وابستہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرتی ہے۔























Comments