طوفان ساؤڈیل جاپان اور تائیوان کی جانب بڑھنے لگا، شدید بارشوں کی پیشگوئی
- طوفان 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا تھا۔
درمیانی شدت کا سمندری طوفان ساؤڈیل منگل کو جنوبی جاپان اور شمالی تائیوان کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ تائیوان میں ایک الگ موسمی نظام کے باعث جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ایک شخص ہلاک جبکہ 4 افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ طوفان ساؤڈیل کے جنوب مغربی جزائر اوکیناوا کے قریب پہنچنے پر تباہ کن ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ انتہائی تیز ہواؤں اور سمندر میں بلند لہروں کا بھی خدشہ ہے۔
طوفان 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہا تھا۔ اس کے ساتھ 162 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں جبکہ جھکڑوں کی رفتار 216 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
موسمیاتی ایجنسی نے متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے خطرے کے پیش نظر انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تائیوان کی سینٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن کے مطابق ساؤڈیل کے جمعرات کی رات سے جمعہ تک تائیوان کے شمال سے گزرنے اور شمالی علاقوں میں شدید بارشیں برسنے کا امکان ہے۔
جنوبی اور مشرقی تائیوان میں ایک ٹراپیکل ڈپریشن کے باعث تائنان اور کاؤشیونگ میں سیلاب آیا، جہاں 4 ملین سے زائد افراد آباد ہیں۔ اتوار سے منگل کے دوران کاؤشیونگ میں تقریباً ایک میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 2009 کے تباہ کن طوفان موراکوٹ کے دوران ہونے والی بارش سے بھی زیادہ ہے۔
ساؤڈیل کے جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک چین کے مشرقی صوبے فوجیان کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ چین نے بلند لہروں کے لیے دوسرے بلند ترین درجے کی نارنجی وارننگ جاری کردی ہے۔ مشرقی بحیرہ چین میں 7 سے 12 میٹر بلند لہروں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
























Comments