ایس ای سی پی نے نیو ناظم آباد اپارٹمنٹس رئیٹ کی عوامی پیشکش کی منظوری دے دی
- اے ایچ ایل کے مطابق اس اجرا کا حجم 79 کروڑ 30 لاکھ سے 1.01 ارب روپے کے درمیان ہے
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نیو ناظم آباد اپارٹمنٹس ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (رئیٹ) کی عوامی پیشکش کی منظوری دے دی ہے، جو رواں سال پی ایس ایکس پر ہونے والی 13ویں عوامی پیشکش ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق رئیٹ سرمایہ کاروں کو 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد یونٹس پیش کرے گا۔
عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اسے کراچی کے نمایاں رہائشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کا نیا موقع قرار دیا۔
کمپنی کے مطابق اس اجرا کا حجم 79 کروڑ 30 لاکھ سے ایک ارب 10 لاکھ روپے کے درمیان ہے، جبکہ حصص کی قیمت 18 سے 23 روپے فی شیئر مقرر کی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد صدیقی نے کہا کہ عوامی پیشکشوں میں اضافہ سرمایہ مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کو طویل مدتی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے مستحکم سرمایہ مارکیٹ ضروری ہے۔ ایس ای سی پی سرمایہ مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کرنے کے عمل میں وقت اور لاگت کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کر رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ابتدائی عوامی پیشکشوں (آئی پی اوز) میں حالیہ برسوں کے دوران نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم 2024 میں آئی پی اوز کی سرگرمی میں نمایاں بحالی ہوئی، جو 2026 میں بھی مضبوط رفتار کے ساتھ جاری ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق 2026 میں مزید آئی پی اوز متوقع ہیں، کیونکہ مارکیٹ کی قدر میں اضافے اور وافر لیکویڈیٹی نے کمپنیوں کو اپنے حصص عوام کے لیے پیش کرنے کی ترغیب دی ہے۔ توقع ہے کہ 2026 میں پی ایس ایکس پر 16 آئی پی اوز ہوں گے۔
























Comments