ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا
- کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.66 روپے پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 277.66 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو مقامی کرنسی 277.67 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دریں اثنا بدھ کو ایشیائی مارکیٹ میں ابتدائی کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں زیادہ اتار چڑھاؤ نہیں آیا۔ مشرق وسطیٰ کے اہم آبی راستوں میں بحری جہازوں پر دوبارہ ہونے والے حملوں کے باوجود کرنسی مارکیٹیں دن کے آخر میں جاری ہونے والے افراطِ زر کے اعداد و شمار کی منتظر رہیں۔
ین کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 159.335 ین پر مستحکم رہی۔ حالیہ دنوں میں امریکی اور جاپانی حکام کی جانب سے جاپانی کرنسی کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ مداخلت کے باوجود ین رواں ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہا۔ یورو بھی 1.1537 ڈالر پر مستحکم رہا۔
برطانوی پاؤنڈ بھی 1.3503 ڈالر پر بغیر کسی تبدیلی کے رہا، جبکہ آسٹریلوی ڈالر 0.7064 ڈالر پر مستحکم رہا۔
نیوزی لینڈ کے ڈالر کی قدر میں 0.1 فیصد کمی ہوئی اور یہ 0.5876 ڈالر پر آگیا۔ یہ کمی نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسون کے اس بیان کے بعد ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکمران جماعت کے قانون سازوں کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ اس سے قبل عام انتخابات میں چند ماہ باقی ہونے کے باعث ان کی قیادت کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔
امریکی ڈالر انڈیکس، جو چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو ظاہر کرتا ہے، 0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 99.858 پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب بدھ کو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
صبح 05:53 جی ایم ٹی تک برینٹ خام تیل کے سودے 75 سینٹ یا 0.84 فیصد اضافے کے ساتھ 89.66 ڈالر فی بیرل ہوگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 72 سینٹ یا 0.87 فیصد بڑھ کر 83.92 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دونوں معاہدوں کی قیمتیں کاروباری سیشن کے آغاز میں ایک ڈالر سے زائد بڑھ گئی تھیں۔





















Comments