پاکستان سنگل ونڈو نے موبائل ایپ متعارف کرا دی
- یہ ایپلی کیشن اب ایپل ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور دونوں پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے
پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) نے سرحد پار تجارت سے متعلق خدمات تک ڈیجیٹل رسائی بہتر بنانے کے لیے اپنی موبائل ایپ لانچ کر دی ہے۔
یہ ایپلی کیشن اب ایپل ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور دونوں پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے، اس ایپ کے ذریعے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور دیگر تجارتی شعبے سے وابستہ افراد اہم تجارتی خدمات محفوظ اور آسان انداز میں اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکیں گے۔
یہ موبائل ایپ پاکستان سنگل ونڈو کے موجودہ ڈیجیٹل نظام کا حصہ ہے جس کا مقصد صارفین کو کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ اپنی تجارتی سرگرمیوں کی تازہ ترین معلومات سے آگاہ رکھنا ہے۔
اس کے ذریعے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس اپنی ڈیکلریشنز کی پیش رفت دیکھ سکتے ہیں، ریگولیٹری تقاضوں کی نگرانی کر سکتے ہیں اور کسٹمز کلیئرنس سے متعلق تازہ معلومات فوری طور پر اپنے اسمارٹ فون پر حاصل کر سکتے ہیں۔
ایپ صرف ڈیکلریشنز کی صورتحال جاننے تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے ریگولیٹری اور مالیاتی سرٹیفکیٹس بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ صارفین مختلف اہم درخواستیں بھی جمع کرا سکتے ہیں جن میں ڈیکلریشن منسوخ کرنے، ڈرے آف کی درخواست، صوبائی سیس سے استثنیٰ یا چھوٹ کی درخواست، بینک گارنٹی جاری کرنے کی درخواست اور دیگر آپریشنل خدمات شامل ہیں۔
موبائل ایپ میں ادائیگیوں کی سہولت بھی شامل کی گئی صارفین پیمنٹ سلپ آئی ڈیز بنا سکتے ہیں، ادا شدہ اور باقی پیمنٹ سلپس دیکھ سکتے ہیں، ادائیگیوں کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے پرسنل ڈپازٹ (پی ڈی) اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگیاں بھی کر سکتے ہیں۔


























Comments