پاکستان اور کینیڈا کا تجارتی و سرمایہ کاری روابط مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
- تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے کیے جائیں گے
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، جس میں خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان کے سرکاری دورے پر آئی ہوئی کینیڈین وزیرِ خارجہ نے اسلام آباد میں وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیرِ اعظم نے کینیڈا کی وزیرِ خارجہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید وسعت دی جانی چاہیے، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، زرعی مصنوعات، ویکسین کی تیاری، قابلِ تجدید توانائی اور آٹوموبائل و آٹو پارٹس کی صنعتوں میں۔شہباز شریف نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مستقبل قریب میں ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کینیڈین ہم منصب کے ساتھ اپریل میں ہونے والی اپنی ٹیلیفونک گفتگو کو بھی یاد کیا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے وزیرِ اعظم کارنی کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ان کے دورے کا مقصد کینیڈین وزیرِ اعظم کی ہدایات پر پاکستان کے ساتھ کینیڈا کے روابط کو وسعت دینا ہے۔ انہوں نے زراعت، کان کنی، توانائی اور آٹوموٹو سیکٹر میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں کینیڈا کی دلچسپی کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے (ایف آئی پی پی اے) کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور انیتا آنند نے اُمید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ دونوں فریقین نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پُل تسلیم کیا اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند مواقع کی نشاندہی کے لیے تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف کی موجودگی میں کینیڈا سے پاکستان کینولا کی درآمد سے متعلق فائیٹوسینٹری ریگولیشنز (پودوں کی صحت کے اصول و ضوابط) کے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے۔اس معاہدے پر نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے اپنے اپنے ممالک کی جانب سے دستخط کیے۔
نائب وزیرِ اعظم اور کینیڈین وزیرِ خارجہ کا سالانہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق
اس سے قبل نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند سے ملاقات کی، جس میں پاک کینیڈا تعلقات کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا اور اہم علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں فریقین نے ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
باہمی روابط میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے دونوں ممالک نے اپنے مشترکہ اعلامیے پر ہونے والی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کے لیے سالانہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔اس سے قبل وزیرِ خارجہ انیتا آنند نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں۔ سرکاری میڈیا پی ٹی وی نیوز نے ان کی آمد کی ویڈیو شیئر کی، جس میں اسحاق ڈار کو ان کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ نائب وزیرِ اعظم نے وزارتِ خارجہ کے حکام کا ان سے تعارف بھی کرایا اور تصاویر بنوائیں۔ دفترِ خارجہ کے مطابق عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ان کا پاکستان کا یہ پہلا باضابطہ دورہ ہے۔
وفد کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے علاوہ کینیڈین وزیرِ خارجہ کی پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد قریبی عوامی روابط پر ہے، اور کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی تارکینِ وطن ان تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ سفارتی دورہ متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے اوٹاوا اور اسلام آباد کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
انیتا آنند اور محسن نقوی کی غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز پر گفتگو
ملاقاتوں کے اسی سلسلے میں کینیڈین وزیرِ خارجہ نے وزارتِ داخلہ میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کینیڈا تعلقات، تجارت، سیکیورٹی اور باہمی روابط کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے لیے تربیتی اور تبادلے کے پروگراموں پر غور کیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے جلد از جلد مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، کینیڈین ہائی کمشنر، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔ کینیڈین وزیرِ خارجہ نے کہا کہ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک فریم ورک قائم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔























Comments