صدر اور وزیراعظم کی عاشورہ کا حقیقی پیغام اجاگر کرنے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اپیل
- ملک بھر میں آج یومِ عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم بالخصوص علمائے کرام، میڈیا اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عاشورہ کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں اور بین المسالک احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
یومِ عاشور (10 محرم الحرام) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ سانحہ کربلا محض ایک تاریخی المیہ نہیں بلکہ ایک ابدی پیغام اور ہدایت کا زندہ جاوید سرچشمہ ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عاشورہ بلاشبہ اسلامی تاریخ کا ایک ایسا فکر انگیز دن ہے جو انسانیت کو ایمان، صبر، استقامت اور ایثار کے بے مثال اسباق سے روشناس کراتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ حق، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا، ظلم، ناانصافی اور باطل کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے کہیں زیادہ افضل ہے۔
آج نیوز کے مطابق ملک بھر میں آج نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں۔ ماتمی جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
مختلف شہروں میں عزادار نوحہ خوانی کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جان نثار ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے اور مختلف مقامات پر طبی امداد، سبیلوں اور دیگر سہولیات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جہاں عزاداروں کی بڑی تعداد جلوس کے ہمراہ رواں دواں ہے۔ جلوس اپنے روایتی اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے لیے پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
عزاداروں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر سبیلیں قائم کی گئی ہیں اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے خون کے عطیات کے کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
ادھر لاہور میں عاشورہ کا مرکزی جلوس موچی گیٹ کے اندر نثار حویلی سے شروع ہوا جو کربلا گامے شاہ کی طرف رواں دواں ہے، جس میں مردوں، خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں عزادار شریک ہیں۔ کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس آج بعد ازاں نشتر پارک میں مجلسِ عزا کے بعد برآمد ہوگا۔
اسی طرح کے اجتماعات اور جلوس ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، اسکردو، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی نکالے جا رہے ہیں۔ عقیدت مندوں نے جلوس کے راستوں پر نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کر رکھا ہے، جہاں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں عزاداروں اور عام عوام کو کھانا اور پانی پیش کیا جا رہا ہے۔
























Comments